شیوراج چوہان پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے امرتسر پہنچے، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی
چنڈی گڑھ، 04 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان جمعرات کو پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے امرتسر پہنچے۔ انہوں نے گورنر گلاب چند کٹاریہ سے ملاقات کی۔ گورنر نے پانچ اضلاع امرتسر، پٹھان کوٹ، گرداس پور، ترن تارن اور فیروز پور کی سیلاب کی رپورٹ انہیں سونپی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آفت کی اس گھڑی میں مرکزی حکومت پوری طرح پنجاب کے عوام کے ساتھ ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ مرکزی حکومت کی دو ٹیموں نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے آج سے ہی سروے شروع کر دیا ہے۔
شیوراج نے کہا کہ اب تک 1400 گاؤں متاثر ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ان دیہات کا دورہ کریں گے اور لوگوں سے ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل کو سمجھیں گے۔ وہ فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا بھی جائزہ لیں گے۔ امرتسر پہنچ کر پنجاب کے وزیر زراعت گرمیت سنگھ کھڈیاں، سابق وزیر کلدیپ دھالیوال نے چوہان سے ملاقات کی اور پنجاب حکومت کی جانب سے سیلاب سے متعلق رپورٹ دی۔ مرکزی وزیر رونیت بٹو، بی جے پی صدر سنیل جاکھڑ، قومی سکریٹری ترون چُگ اور کئی دوسرے لیڈروں نے بھی شیوراج چوہان کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب کے ساتھ کھڑی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی