جموں شٹل ریل سروس دوسرے روز بھی معطل رہی
جموں شٹل ریل سروس دوسرے روز بھی معطل رہی جموں، 4 ستمبر (ہ س)۔ جموں۔کٹرا شٹل ٹرین سروس، جو مقامی باشندوں اور پھنسے ہوئے مسافروں کی سہولت کے لیے یکم ستمبر سے شروع کی گئی تھی، شدید بارش اور لینڈ سلائیڈز کے باعث جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی معطل رہی۔ ر
Train


جموں شٹل ریل سروس دوسرے روز بھی معطل رہی

جموں، 4 ستمبر (ہ س)۔ جموں۔کٹرا شٹل ٹرین سروس، جو مقامی باشندوں اور پھنسے ہوئے مسافروں کی سہولت کے لیے یکم ستمبر سے شروع کی گئی تھی، شدید بارش اور لینڈ سلائیڈز کے باعث جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی معطل رہی۔ ریلوے حکام کے مطابق رمنگر اور منوال کے درمیان جموں–ادھمپور سیکشن میں ٹنل نمبر 16 کے دہانے پر بھاری لینڈ سلائیڈ کے سبب ٹرینوں کی آمد و رفت ناممکن ہو گئی ہے۔

چیف پبلک ریلیشنز آفیسر ہمنشو شکھر اپادھیائے نے بتایا کہ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر شٹل سروس فی الحال منسوخ کر دی گئی ہے۔ چار ٹرینوں پر مشتمل یہ خصوصی شٹل سروس 15 ستمبر تک چلنے کا شیڈول تھا، تاہم خراب موسم اور ٹریک کو پہنچے نقصان نے نظام کو مفلوج کر دیا۔

قابل ذکر ہے کہ 26 اگست کو موسلا دھار بارش اور اچانک آنے والے سیلاب کے بعد پٹھانکوٹ–جموں سیکشن میں پٹریاں اکھڑنے اور سڑک بہہ جانے کے باعث جموں ریلوے ڈویژن میں ٹریفک نو روز سے معطل ہے۔ اس دوران ریلوے نے خصوصی انتظامات کے تحت سات ٹرینوں کے ذریعے 5,784 پھنسے ہوئے مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچایا۔ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے جموں خطے میں ریلوے اور شاہراہوں دونوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ہزاروں مسافر اور یاتری مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کٹرا میں ماتا ویشنو دیوی مندر کے نزدیک ایک بڑے لینڈ سلائیڈ میں 34 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande