
نئی دہلی، 3 ستمبر (ہ س)۔ شارجہ میں کھیلی جارہی سہ رخی ٹی 20 سیریز کے تحت منگل کی شب کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنوں سے شکست دے دی۔ سیریز کی تیسری ٹیم یو اے ای سے ہے۔
افغانستان کی جیت کے ہیرو ابراہیم زدران (65) اور صدیق اللہ اتل (64) رہے جنہوں نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اس کے بعد گیند بازوں نے اجتماعی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی اننگز کو دباو میں رکھا۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف (4/27) سب سے کامیاب گیندباز رہے لیکن ان کی محنت ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے افغانستان کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ رحمان اللہ گرباز 8 رن بنانے کے بعد سیم ایوب کا شکار بنے۔ اس کے بعد اتل اور ابراہیم نے اننگز کو سنبھالا اور کئی شاندار شاٹس لگائے۔ دونوں نے نویں اوور میں 50 رن کی شراکت مکمل کی۔ 14ویں اوور میں انہوں نے سفیان مقیم کے خلاف 20 رن بنا کر میچ کا رخ ہی بدل دیا۔ اسی اوور میں اتل نے اپنی دوسری ٹی20 انٹرنیشنل نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں کے درمیان 113 رنوں کی شراکت ہوئی۔
اشرف نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے ابراہیم، عمر زئی اور کریم جنت کو آوٹ کیا۔ تاہم محمد نبی نے تیز اننگز کھیل کر افغانستان کو 169/5 تک پہنچا دیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی شروعات اچھی رہی۔ صاحبزادہ فرحان نے چھکا لگایا لیکن دوسرے اینڈ سے سیم ایوب پہلی ہی گیند پر فضل الحق فاروقی کا شکار ہو گئے۔ فخر زمان اور فرحان نے رن ریٹ بڑھایا تاہم دونوں جلد ہی آوٹ ہوگئے۔ سلمان علی آغا کے رن آوٹ نے پاکستان پر دباو بڑھا دیا۔
مختصر اسکور: افغانستان: 169/5 (20 اوورز) - ابراہیم زدران 65، صدیق اللہ اتل 64؛ فہیم اشرف 4/27، صائم ایوب 1/18 پاکستان: 151/9 (20 اوورز) - حارث رؤف 34*، فخر زمان 25؛ نور احمد 2/20، محمد نبی 2/20 نتیجہ: افغانستان 18 رن سے جیت گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن