کولکاتا، 02 ستمبر (ہ س)۔ بالی ووڈ ڈائریکٹر وویک اگنی ہوتری نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی آنے والی فلم’دی بنگال فائلز‘کی پرامن ریلیز کو یقینی بنانے کے لیے مداخلت کریں۔ یہ فلم 05 ستمبر کو ملک بھر میں ریلیز کی جائے گی۔منگل کو جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں اگنی ہوتری نے کہا کہ ریاست میں تھیٹر مالکان سیاسی دباو¿ کی وجہ سے فلم کی نمائش سے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں کہ برائے مہربانی اس فلم کی ریلیز میں امن کو یقینی بنائیں۔ چونکہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن نے فلم کو سرٹیفکیٹ دیا ہے، یہ عوام کے آئینی حقوق اور اظہار رائے کی آزادی کا معاملہ ہے۔‘ڈائریکٹر نے الزام لگایا کہ 16 اگست کو کولکاتا میں فلم کا ٹریلر لانچ ہونے والا ایونٹ اچانک منسوخ کر دیا گیا۔ یہ پروگرام ایک ہوٹل میں ہونا تھا لیکن پولیس نے اسے یہ کہہ کر روک دیا کہ منتظمین کے پاس مطلوبہ اجازت نہیں ہے۔ اس سے قبل ایک بڑے ملٹی پلیکس نے بھی ٹریلر شو منسوخ کر دیا تھا۔ ٹریلر کو بعد میں بی جے پی کے دفتر میں دکھایا گیا۔اگنی ہوتری نے دعویٰ کیا کہ تھیٹر مالکان پر اتنا دباو¿ ہے کہ وہ فلم کو ریلیز کرنے کا خطرہ مول لینے سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا،’آپ کی پارٹی کے کارکن بھی اس فلم پر پابندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ اس فلم کو محفوظ اور پرامن ماحول میں ناظرین تک پہنچنے دیں، آپ بھی اسے خود دیکھیں تاکہ ملک کی تقسیم اور نواکھلی کے قتل عام کی تاریخ سمجھ سکیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ہندو بستے ہیں اور نئی نسل کو اپنے اسلاف کی جدوجہد اور جبر کی تاریخ سے روشناس کرانا ضروری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan