نیلور، 17 ستمبر (ہ س)۔ آندھرا پردیش کے نیلور ضلع کے سنگم منڈل میں پیرمانا کے قریب چنئی-ممبئی قومی شاہراہ پر بدھ کو ریت سے لدے ٹپر ٹرک کی ایک کار سے ٹکر ہوگئی۔ اس خوفناک حادثے میں کار میں سوار سات افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں چار مرد، دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ منڈی پلی رام پرساد ریڈی نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔
اطلاعات کے مطابق، یہ لوگ، جو نیلور ضلع ہیڈکوارٹر میں متوکور گیٹ کے قریب رہتے تھے، اتمکور سرکاری اسپتال میں اپنے ایک رشتہ دار سے ملنے کے لیے کار سے جا رہے تھے۔ 11 بجے کے قریب، ایک تیز رفتار ریت سے لدا ٹپر ٹرک سڑک سے ہٹ کر کار سے ٹکرا گیا۔ بے قابو ٹپر ٹرک کار کو کچھ دور تک گھسیٹتا رہا۔ حادثے میں سات افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کو پتہ چلا کہ کار تلور رادھا کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت ٹی رادھا، سیشم، سرما، نلگنڈہ لکشمی، شیشم تیجا اور سری نواسولو کے طور پر کی گئی ہے۔ ایک اور متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام مرنے والے نیلور ضلع ہیڈکوارٹر میں متوکور گیٹ کے قریب رہتے تھے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ منڈی پلی رام پرساد ریڈی نے نیلور ضلع کے سنگم منڈل کے پیرمانا میں ہولناک سڑک حادثہ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر نے ٹرانسپورٹ حکام کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس معاملے میں لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو واضح ہدایات دیں کہ وہ روڈ رولز پر عمل کرنا لازمی بنائیں۔ ریاستی سڑکوں اور عمارتوں، سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کے وزیر بی سی جناردھن ریڈی نے بھی نیلور سڑک حادثہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے اپنی گہری تعزیت پیش کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی