بھوپال، 17 ستمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو اپنی سالگرہ کے موقع پر مدھیہ پردیش کے دھار ضلع کے بھینسولا گاوں میں ملک کے پہلے پی ایم مترا پارک کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے ایک کلک کے ذریعے ’سوستھ ناری، سشکت پریوار‘ اور غذائیت مہم کی شروعات کی اور سمن سخی چیٹ بوٹ کا افتتاح کیا۔ اس دوران انہوں نے شہریوں کو دیسی مصنوعات اپنانے کی ترغیب دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آپ جو بھی خریدیں وہ ملک میں بنا ہونا چاہیے۔ یہ ایک شہری کا کام ہونا چاہیے۔ براہ کرم ملک کے لئے اس میں میری مدد کریں۔ مہاتما گاندھی نے سودیشی کو آزادی کی تحریک بنایا۔ ہمیں اسے ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے ضروری بنانا چاہیے۔ جب ہم دیوالی کی مورتیاں، آرائشی اشیاء، ٹی وی اور ریفریجریٹرز خریدتے ہیں، تو ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ آیا وہ ہندوستان میں بنتے ہیں کہ نہیں۔
قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کی صبح ایک خصوصی طیارے سے اندور پہنچے۔ اس کے بعد یہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے دھار ضلع کے بھینسولا میں پروگرام مقام پر پہنچے۔ وزیر اعظم مودی کھلی جیپ میں سوار ہوکر پروگرام مقام پر موجود لوگوں کے درمیان سے نکلے اور ان کا استقبال قبول کرتے ہوئے اسٹیج پر پہنچے۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز ’’بھارت ماتا کی جئے‘‘ اور ’’نرمدا میا کی جئے‘‘ کے نعروں سے کیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں گیان کی دیوی، دھار بھوج شالا کی دیوی کے چرنوں میں پرنام کرتا ہوں۔ آج وشوکرما جینتی ہے، اس لیے میں ان کے چرنوں میں بھی نمن کرتا ہوں۔ دھار ہمیشہ سے ہی بہادری اور تحریک کی سرزمین رہی ہے۔ مہاراجہ بھوج کی بہادری ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم قومی انسانیت کی حفاظت کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہوں۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ماں بھارتی کی آن بان شان سے بڑا کچھ نہیں۔ ہمارا ہر پل ملک کے لئے وقف ہو۔ ملک پر مر منٹنے کا عہد لیکر ہمارے مجاہدین آزادی نے اپنا سب کچھ اس کے لیے وقف کر دیا۔ وہ چاہتے تھے کہ ملک غلامی کی زنجیریں توڑ کر آگے بڑھے۔ آج اس سے متاثر ہو کر ہندوستان کے 140 کروڑ لوگوں نے وکست بھارت بنانے کا عزم کیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، گورنر منگو بھائی پٹیل، بی جے پی کے ریاستی صدر ہیمنت کھنڈیلوال، دھار کے وزیر انچارج کیلاش وجے ورگیہ اور دیگر معززین موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن