اسرائیلی وزیردفاع کا حماس کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا اعلان
تل ابیب،17ستمبر(ہ س)۔اسرائیل کی طرف سے غزہ پر شدید فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے منگل کو کہا کہ غزہ جل رہا ہےاور فوج حماس کے ڈھانچے کو پوری قوت کے ساتھ نشانہ بنا رہی ہے۔کاٹز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فوج کا مقصد ق
اسرائیلی وزیردفاع کا حماس کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا اعلان


تل ابیب،17ستمبر(ہ س)۔اسرائیل کی طرف سے غزہ پر شدید فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے منگل کو کہا کہ غزہ جل رہا ہےاور فوج حماس کے ڈھانچے کو پوری قوت کے ساتھ نشانہ بنا رہی ہے۔کاٹز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فوج کا مقصد قیدیوں کی بازیابی کے حالات پیدا کرنا اور حماس کو شکست دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیلی فورسز اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹیں گی جب تک غزہ میں مشن مکمل نہیں ہو جاتا۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے تل ابیب روانگی کے موقع پر کہا کہ حماس کے پاس جنگ بندی قبول کرنے کے لیے ’انتہائی مختصر مہلت‘ہے۔یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر زمینی حملہ شروع کر دیا ہے۔ شہر سے تقریباً تین لاکھ فلسطینی جنوب کی طرف نقل مکانی کر چکے ہیں۔غزہ میں رات بھر غیر معمولی شدت کے حملے کیے گئے۔ ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی بمباری میں آٹھ فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ اس طرح گذشتہ روز سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 72 ہو گئی ہے۔اقوام متحدہ نے اسرائیلی کارروائی کے تباہ کن انسانی اثرات پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفان دوجاریک نے کہا کہ شمالی غزہ میں حملے عام شہریوں پر ہولناک اثرات مرتب کر رہے ہیں جو بھوک اور اذیت ناک حالات کا شکار ہیں۔ انہوں نے شہریوں اور انسانی کارکنوں کے تحفظ اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر زور دیا۔روبیو نے ایک روز قبل بھی اسرائیل میں اپنے دورے کے دوران کہا تھا کہ غزہ کی جنگ سفارتی راستے سے ختم نہیں ہو سکتی، جب تک تمام قیدیوں کو رہا نہ کیا جائے اور حماس کا بطور مسلح قوت خاتمہ نہ ہو۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حماس کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیلی قیدیوں کو ڈھال کے طور پر استعمال نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو نتائج سنگین ہوں گے اور دنیا شاذونادر ہی ایسی انسانی فظاعتیں دیکھتی ہے۔ ٹرمپ نے فوری طور پر قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔یاد رہے کہ اسرائیلی حکومت نے چند ہفتے قبل غزہ پر قبضے کا منصوبہ منظور کیا تھا، حالانکہ فوجی قیادت نے اس پر خدشات ظاہر کیے تھے۔ حالیہ دنوں میں غزہ پر بمباری میں غیر معمولی شدت آ چکی ہے جبکہ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ شہریوں کے لیے محفوظ مقامات نہ ہونے کی وجہ سے انسانی بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande