شعبہ فارسی کی جانب سے پانچ روزہاکیڈمک نیٹ ورکنگ کورس کا آغاز
علی گڑھ, 16 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارسی کی جانب سے پانچ روزہ گلوبل انیشیئیٹیو فار اکیڈمک نیٹ ورکنگ (گیان)کورس کا افتتاح عمل میں آیا جس نے ہندوستان اور ایران کے مابین علمی و ادبی رشتوں کو ایک نئی جہت عطا کی۔ افتتاحی اجلاس کی صد
شعبہ فارسی


علی گڑھ, 16 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارسی کی جانب سے پانچ روزہ گلوبل انیشیئیٹیو فار اکیڈمک نیٹ ورکنگ (گیان)کورس کا افتتاح عمل میں آیا جس نے ہندوستان اور ایران کے مابین علمی و ادبی رشتوں کو ایک نئی جہت عطا کی۔

افتتاحی اجلاس کی صدارت اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کی، جب کہ اس پر وقار تقریب کے مہمانِ خصوصی جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے وائس چانسلر اور ممتاز ماہر فارسیات پروفیسر مظہر آصف تھے۔

دیگر معزز مہمانان میں پروفیسر ٹی این ستھیسن، ڈین فیکلٹی آف آرٹس، اے ایم یو، ادبیات فارسی کے ممتاز ماہر پروفیسر محمد کاظم کہدوئی، یزد یونیورسٹی ایران، پروفیسر ایم جہانگیر وارثی، لوکل کوآرڈینیٹر، گیان پروگرام، شعبہ فارسی کے سینئر استاد پروفیسر ایس ایم اسد علی خورشید اور اے ایم یو کے شعبہ فارسی کے صدر پروفیسر محمد عثمان غنی شامل تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مہمانانِ گرامی کی گل پوشی ہوئی اور انھیں یادگاری نشانات پیش کئے گئے۔ اس موقع پر ایک علمی کتاب کی رسمِ اجراء بھی انجام پائی جو شعبہ فارسی کی علمی روایت میں ایک اہم اضافہ ہے۔

صدارتی خطاب میں پروفیسر نعیمہ خاتون نے شعبہ فارسی کی طویل علمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ 1877ء سے ہند و ایرانی تہذیبی ورثے کی آبیاری کر رہا ہے۔ انھوں نے کورس کو آرڈینیٹر ڈاکٹر محمد تو صیف کو مبارکباد پیش کی۔

مہمانِ خصوصی پروفیسر مظہر آصف نے فارسی زبان و ادب کی عالمی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوان محققین کو بین الثقافتی تحقیق کی ترغیب دی۔

پروفیسر ایس ایم اسد علی خورشید، شعبہ فارسی نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔

کورس کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد توصیف نے پروگرام کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ممتاز ایرانی ماہرِ ادب پروفیسر محمد کاظم کہدوئی کی شرکت سے یہ کورس طلبہ اور محققین کے لیے غیر معمولی تعلیمی موقع فراہم کرے گا۔

افتتاحی اجلاس میں پروفیسر جہانگیر وارثی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کے اساتذہ سے گیان کے پانچویں مرحلہ میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی درخواست کی۔

آخر میں پروفیسر محمد عثمان غنی، چیئرمین شعبہ فارسی نے کلمات تشکر ادا کئے۔ انھوں نے وائس چانسلر، مہمانانِ خصوصی، ریسورس پرسن اور تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

پروگرام کی نظامت ڈاکٹر محمد قمر عالم نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی۔ یہ پانچ روزہ گیان کورس شعبہ فارسی کی اس تاریخی روایت کا تسلسل ہے جو ہند و ایران کے ادبی و تہذیبی رشتوں کو مضبوط بنانے اور طلبہ و محققین کو عالمی علمی حلقوں سے جوڑنے کا عزم رکھتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande