علی گڑھ, 16 ستمبر (ہ س)ایم یو کے کمپیوٹر سائنس شعبہ نے تعلیمی سیشن 2025–26 میں بی ایس سی کمپیوٹر ایپلیکیشنز، ایم سی اے، اور ایم ایس سی سائبر سیکیورٹی اینڈ ڈیجیٹل فارنزکس کے نووارد طلبہ کے لیے دو روزہ انڈکشن پروگرام منعقد کیا۔
پہلے دن یونیورسٹی کے رجسٹرار اور شعبہ کے سابق چیئرمین پروفیسر عاصم ظفرنے طلبہ سے گفتگو کی اور انہیں ایم یو کے ایک نمایاں ترین شعبے سے وابستہ ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلبہ کو جدید لیبارٹریز، تحقیقی سہولیات اور پلیسمنٹ کے مواقع کے بھرپور استعمال کی ترغیب دی اور کریئر کی مجموعی ترقی کے لیے تکنیکی ہنر اور سافٹ اسکلز کو بہتر بنانے کے مشورے دیے۔
صدر شعبہ اور ڈپٹی پراکٹر پروفیسر ارمان رسول فریدی نے طلبہ کو یونیورسٹی کی متحرک ثقافتی اور اقامتی زندگی سے روشناس کرایا اور مختلف کلب و سوسائٹیز کا تعارف کرایا جو شخصی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو یونیورسٹی کی اینٹی ریگنگ پالیسیوں، شکایات کے ازالے کے نظام اور صنفی حساسیت سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا اور ڈسپلن اور تعلیمی و سماجی ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔
اختتامی اجلاس میں ڈاکٹر محمد ندیم، ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر نے کمپیوٹر سائنس کے گریجویٹس کے لیے کریئر کے امکانات اور پلیسمنٹ کے مواقع کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت کے لیے مطلوبہ مہارتوں کی نشاندہی کی اور طلبہ کو عالمی مواقع کے لیے خود کو تیار کرنے کی ترغیب دی۔
این ای پی سیل کے اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فیصل انورنے طلبہ کو نیشنل ایجوکیشن پالیسی کے فوائد سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح اس کے ضوابط کو تعلیمی لچک اور کریئر کے انتخاب کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ