ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن میں تین سو سوشل میڈیا اکاونٹس کو بلاک کیا گیا
جموں, 15 ستمبر (ہ س)رکن اسمبلی معراج ملک کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران ضلع ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن میں صرف تین روز کے اندر تین سو سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے، جو اشتعال انگیز مواد اور غلط معلومات پھیلانے میں ملوث پائے گئے۔
تین اضلاع کی آئی ٹی سیلز نے فیس بک، ایکس اور انسٹاگرام پر چوبیس گھنٹے مسلسل نگرانی کرتے ہوئے ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کی جنہوں نے من گھڑت تصاویر، مسخ شدہ ویڈیوز اور بے بنیاد پوسٹس کے ذریعے عوامی جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کی۔
پولیس ذرائع نے تصدیق کی کہ متعدد مشتبہ ہینڈلرز کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ بعض اکاؤنٹس کا تعلق مقامی سطح پر جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں سے تھا جبکہ باقی مشکوک اکاؤنٹس کے مستقل بلاک ہونے کے لیے سوشل میڈیا کمپنیوں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔
حکام نے واضح کیا کہ پروپیگنڈا میں بنیادی طور پر مظاہروں کی جعل سازی شدہ تصویریں، گمراہ کن ٹائم لائنز اور غیر متعلقہ تصاویر شامل تھیں، جنہیں ڈوڈہ میں جاری مظاہروں کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا تاکہ عوام میں خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ یہ مواد خاص طور پر عوامی امن کو خراب کرنے اور غلط فہمی پیدا کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی ڈوڈہ کشتواڑ رامبن رینج، شریدھر پاٹل نے کہا کہ آئی ٹی سیلز کی ٹیم نے انتھک محنت سے ایسے اکاؤنٹس کی شناخت اور بلاکنگ کا عمل مکمل کیا ہے۔ قانون کے مطابق ہر ضروری کارروائی کی گئی ہے اور آئندہ بھی ان عناصر کے خلاف موثر کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
تمام حاصل شدہ شواہد متعلقہ خفیہ اداروں کو بھی مزید گہرائی سے تحقیقات کے لیے فراہم کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غلط معلومات اور نفرت پھیلانے والے مواد کی نشاندہی کریں تاکہ خطے میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر