نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔ دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (ڈی یو ایس یو) کے انتخابات میں پیر کو کانگریس جنرل سکریٹری سچن پائلٹ کے نارتھ کیمپس کے کئی کالجوں کے دورے سے طلبہ سیاست گرم ہوگئی ہے۔ پائلٹ نے پارٹی کے طلبہ ونگ نیشنل اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے امیدواروں کی حمایت میں میرانڈا ہاوس، کیمپس لاءسینٹر (سی ایل سی) اور ہندو کالج میں طلبہ سے ملاقات کی۔ این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری اور دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔پائلٹ نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی ملک کے اہم ترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے اور یہاں کے طلباءتبدیلی کے لیے تیار ہیں۔ پائلٹ نے یقین ظاہر کیا کہ این ایس یو آئی کے چاروں امیدوار طلباءکی حمایت اور اعتماد سے یقینی طور پر جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ این ایس یو آئی پینل کی مفصل عوامی رابطہ مہم کا حصہ ہے۔ اس دوران این ایس یو آئی کے صدر ورون چودھری نے کہا کہ تنظیم کا مقصد یونیورسٹی کیمپس میں ایک جامع، ترقی پسند اور طلبہ دوست ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ ڈی یو میں طلبہ کی سیاست مضبوط ہو۔ قابل ذکر ہے کہ ووٹنگ 18 ستمبر کو ہوگی اور گنتی 19 ستمبر کو ہوگی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan