پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ ہمیں منظور نہیں ہے : ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی
علی گڑھ، 13 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ میں کل ہونے والے میچ پر ہنگامہ برپا ہے۔ ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ 14 ستمبر کو ہونا ہے۔ اس میچ کو منسوخ کرنے کے لیے ملک بھر میں مہم شروع کر دی گئی ہے۔ جہاں سیاسی جماعتیں بھی اس کی مخالفت کر رہی ہیں، وہیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بھی اس کی مخالفت شروع ہوگئی ہے۔ شعبہ دینیات کے استاد ڈاکٹر ریحان اخترقاسمی نے کہا ہے کہ جس طرح کے حالات بنے ہوئے ہیں اور پاکستان کی حالیہ حرکتوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے اسکے ساتھ کسی طرح کے تعلقات مناسب نہیں ہے اور کھیل تو بالکل بھی نہیں۔
انھوں کہا کہ وزیرآعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو اس میں فوری مداخلت کرتے ہوئے کل ہونے والے اس میچ میں کھیلنے سے منع کردینا چاہیے۔ ڈاکٹر ریحان اختر نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے جے شاہ پہلے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے صدر تھے، آج وہ انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل کے چیئرمین ہیں، ان کو یہ سوچنا چاہیے تھا کہ ملک پہلے اور کھیل بعد میں ہے، جس طرح پاکستان نے پہلگام میں ہمارے ملک کے معصوم لوگوں کی جانیں لی ہیں، وہ فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انھوں نے کہا کہ امت شاہ اور ان کے بیٹے حقیقی دیش بھکت ہیں تو اسکا ثبوت دیں اور پاکستان کے ساتھ ہونے والے میچ کو منسوخ کروائیں، یہی پہلگام کے شہیدوں کو سچا خراج عقیدت ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ