
کامیابی بغیر محنت اور ہدف کے تعین کے حاصل نہیں ہوسکتی : پروفسر مسعود انور علوی
علی گڑھ، 13 ستمبر (ہ س)۔ کامیابی بغیر محنت اور ہدف کے تعین کے حاصل نہیں ہوسکتی، اس لیے بحیثیت طالب علم ہمیں سب سے پہلے اپنا ہدف متعین کرنا چاہیے اور پھر اسے حاصل کرنے کے لیے اپنی پوری محنت اور طاقت لگا دینا چاہئے۔ یہ باتیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج کے پرنسپل پروفیسرمسعود انور علوی نے کہیں۔ وہ ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ دفتر کے اشتراک سے منعقدہ کریئر اورینٹیشن پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
پروفیسر علوی نے کہا کہ جہاں بڑے خواب ہوتے ہیں، وہیں کامیابی ہوتی ہے، اس لئے خواب بڑے دیکھئے اور جاگتی آنکھوں سے دیکھئے کیونکہ ایسے خواب کی تعبیر پانے کے لیے ہی محنت کی جاتی ہے۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ویمنس کالج لڑکیوں کو با اختیار اور خود کفیل بنانے میں پوری جانفشانی کے ساتھ مصروف عمل ہے جس میں آپ کی بامعنی شرکت بہت اہم ہے۔
ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر جناب سعد حمید نے کہا کہ بہتر کریئر کا مطلب خوشی اور اطمینان ہے، اگر کسی کام میں خوشی مل رہی ہے اور اس سے مطمئن ہیں تو اسے اپنے کریئر کے لیے منتخب کیجیے کیونکہ اس زندگی میں یہ دونوں باتیں بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طالبات اپنے کریئر کو لے کر پہلے بہت سنجیدگی سے غور کریں، اس کے بعد اس شعبہ حیات کو منتخب کریں جس سے خوشی ملتی ہو اور اطمینان محسوس کرتی ہوں۔
انہوں نے طالبات سے کریئر سے متعلق متعدد سوالات کیے۔ اس سے قبل ویمنس کالج کے ٹی پی او ڈاکٹر منصور عالم نے کریئر اورینٹیشن پروگرام کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ ہم کس طرح سے طالبات کی زندگی کو خوشگوار اور بامعنی بنانے کے لیے محنت کر رہے ہیں اور اس کے بہترین نتائج بھی برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی توجہ آنے والی زندگی کی طرف مبذول کراتے ہیں اور آپ کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں تعاون کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویمنس کالج کا یہ امتیاز رہاہے کہ اس نے ہمیشہ خواتین کو پنکھ دیئے ہیں۔
اسسٹنٹ ٹی پی او ڈاکٹر مزمل مشتاق اور ڈاکٹر سہیلیہ پروین نے بھی طالبات کی رہنمائی کی اور بتایا کہ وہ کس طرح سے ابھی سے اپنے کریئر پر توجہ مرکوز کرکے مستقبل کی زندگی کو خوبصورت بنا سکتی ہیں۔ اس پروگرام میں کثیر تعداد میں کالج کی طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ