
نئی دہلی/اجمیر،11ستمبر (ہ س )۔
ہندوستان کے 15ویں نائب صدر کے طور پر سی پی رادھا کرشنن کی شاندار جیت کے بعد ورلڈ پیس ہارمنی کے چیئرمین حاجی شکیل سیفی نے اجمیر شریف درگاہ پر شکرانہ چادر چڑھائی۔ اس موقع پر ان کی پوری ٹیم ان کے ساتھ موجود تھی جنہوں نے نو منتخب نائب صدر سی پی رادھا کرشنن کی جانب سے یہ چادر پیش کی۔ اس تقریب کو ملک میں اتحاد اور ہم آہنگی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو کہ خواجہ معین الدین چشتی کی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔یہ چادر حاجی شکیل سیفی کی قیادت میں ادا کی گئی۔
اس دوران سیفی نے نائب صدر رادھا کرشنن کی جیت کو ملک کی ترقی اور اتحاد کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا، سی پی رادھا کرشنن کا نائب صدر بننا قومی اتحاد اور ترقی کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔ ان کی جیت سے ملک کی آئینی اقدار مزید مضبوط ہوں گی۔ اس موقع پر انہوں نے خواجہ صاحب کے مزار پر ملک کی خوشحالی اور امن کے لیے دعا بھی کی۔
چادر چڑھانے کے بعد حاجی شکیل سیفی اور ان کی ٹیم آل انڈیا سجادہ نشین کونسل کے دفتر پہنچی جہاں کونسل کے چیئرمین سید نصیر الدین چشتی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سید نصیر الدین چشتی نے نو منتخب نائب صدر سی پی رادھا کرشنن کو ان کی جیت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا، نائب صدر کے طور پر شری رادھا کرشنن کا انتخاب ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ ان کی تجربہ کار قائدانہ صلاحیت اور قومی نظریہ ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف کو مزید تقویت دے گا۔ اس موقع پر اتحاد اور امن کا پیغام دیتے ہوئے سید نصیر الدین نے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی کی تعلیمات ہمیں معاشرے میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی تحریک دیتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ