
- انڈیگو ایئر لائنز کا چارٹرڈ طیارہ ہندوستانی سیاحوں کو لے جانے کے لیےکٹھمنڈو پہنچا
کٹھمنڈو، 11 ستمبر (ہ س)۔ نیپال میں سیاسی بحران کے درمیان، جین زی کے ایک گروپ نے کلمان گھیسنگ کو عبوری حکومت کا سربراہ بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس دوران نیپال میں پھنسے ہندوستانی سیاحوں کو لے جانے کے لیے انڈیگو ایئر لائنز کا چارٹرڈ طیارہ کٹھمنڈو پہنچ گیا ہے۔ دریں اثناءفوج کے سربراہ جنرل اشوک راج نے صدر رام چندر پوڈیل کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ آرمی ہیڈ کوارٹر کے باہر مظاہرین کے دو گروپ آپس میں ٹکرا گئے۔
نیپال میں نئی حکومت کے حوالے سے ایک اہم اجلاس جمعرات کو آرمی چیف جنرل اشوک راج کی قیادت میں آرمی ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا، جس میں جین-زی کے سات نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ فوج کے ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے درمیان اپنے نمائندے کے انتخاب کے معاملے پر عدم اتفاق قائم ہو گیا جس کے بعد دو گروپ آپس میں لڑ پڑے۔ میٹنگ میں موجود سشیلا کارکی اور درگا پرسائی کے ناموں پر اتفاق رائے نہ قائم ہونے پر طویل مذاکرات کے بعد، مظاہرین نے اب عبوری وزیر اعظم کے لیے کلمان گھیسنگ کا نام پیش کیا ہے۔ کلمان گھیسنگ کو انتظامی تجربہ ہے اور انہوں نے توانائی کے شعبے میں نمایاں کام کیا ہے۔
سشیلا کارکی کے نام کی مخالفت
مظاہرین نے عبوری وزیر اعظم کے لیے سشیلا کارکی کے نام کی مخالفت کی ہے کیونکہ ان کے شوہر پر طیارہ ہائی جیکنگ کا الزام ہے اور وہ اس معاملے میں دو سال ممبئی جیل میں گزار چکے ہیں۔ نیپال کی پہلی خاتون چیف جسٹس سشیلا کارکی کی تقرری معزول وزیراعظم کے پی اولیکے آئینی کونسل کے چیئرمین رہتے ہوئے کی گئی تھی۔ نیپال کی پارلیمنٹ میںایک بار سشیلا کارکی کے خلاف مواخذے کی تحریک بھی لائی گئی تھی، جس کے بعد انہیں کچھ دنوں کے لیے اپنے عہدے سے معطل رہنا پڑا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے ان کی معطلی کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ وہ دوبارہ چیف جسٹس کے طور پر کام کر سکتی ہیں۔
دہل نے آئین کے دائرہ کار میں بحران حل کرنے کی اپیل کی
نیپال کے سابق وزیر اعظم پشپ کمل دہل ’پرچنڈ‘ نے ایک بیان میں پارلیمنٹ کو تحلیل نہ کرنے اور آئین کے دائرے میں حل تلاش کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ تحریک آئین اور پارلیمنٹ کے خلاف نہیں تھی۔ اس لیے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اچھے نتائج نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوریہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ نوجوانوں کی اس تحریک کے بعد جمہوریت اور جمہوریہ کو مزید مضبوط کرنا پہلی ذمہ داری ہے۔ پرچنڈ نے کہا کہ نوجوانوں کا مطالبہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا نہیں ہے، بلکہ آئین میں ضروری تبدیلیاں کرنا ہے۔ اس لیے آئینی اور سیاسی بحران کے حل کے لیے تمام جماعتوں کا اتفاق ضروری ہے۔
آرمی چیف نے صدر کو صورتحال سے آگاہ کیا
دوسری جانب آرمی چیف جنرل اشوک راج سگڈیل نے صدر رام چندر پوڈیل سے بات کر کے انہیں تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہیں سیاسی اور آئینی کوششوں سے آگاہ کیا۔
ہندوستانی سیاحوں کوواپس لانے کے لئے چارٹرڈ طیارہکٹھمنڈوپہنچا
ہندوستانی سیاحوں کو واپس لانے کے لیے انڈیگو ایئر لائن کا چارٹرڈ طیارہکٹھمنڈو پہنچ گیا ہے۔ انڈیگو ایئر لائنز کے دو طیارے کٹھمنڈو آنے والے ہیں، جن میں سے ایک طیارہ لینڈکر چکا ہے اور دوسرا لینڈ کرنے والا ہے۔ نیپال میں بڑے پیمانے پر بدامنی سے ہوٹل انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی ہے اور کاروبار میں 50 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
احتجاج کے دوران اب تک 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں: وزارت صحت
وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ پیر اور منگل کو ہونے والے جین-زی احتجاج کے دوران اب تک 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر کے اسپتالوں میں 1338 افراد زیر علاج ہیں، جب کہ 949 افراد کو پہلے ہی ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے کٹھمنڈو کے سول اسپتال میں چھ، نیشنل ٹراما سینٹر میں آٹھ، ایورسٹ اسپتال میں تین، بھیری اسپتال میں پانچ، فرنٹ لائن اسپتال میں تین، کے ایم سی اسپتال میں دو، بی پی کوئرالا انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اور بیودھا اسپتال میں، تریبھون یونیورسٹی ٹیچنگ اسپتال، اسلام اسپتال اور بی اینڈ سی اسپتال میں ایک ایک اموات ہوئی ہیں۔
مظاہرین نے بھارتی میڈیا کو روکا
فوج کے ہیڈ کوارٹر کے باہر مظاہرین نے بھارتی میڈیا پر جانبدارانہ رپورٹنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں براہ راست نشریات کرنے سے روک دیا۔ مظاہرین نے صحافیوں کو رپورٹنگ کرنے سے روک دیا اور انہیں بیس کے سامنے والے علاقے سے ہٹا دیا۔ کچھ کارکنوں نے میڈیا پر بادشاہت کے حامی ہونے کا الزام بھی لگایا اور انہیں رپورٹنگ سے روکا۔ نیپالی فوج نے کشیدگی کو روکنے کے لیے صحافیوں کو جائے وقوعہ سے نکل جانے کی ہدایت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد