پیرس ،31اگست (ہ س )۔
ساتوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی جوڑی کو یہاں عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ کے مردوں کے ڈبلز سیمی فائنل میں 11ویں سیڈ چین کے چن بو یانگ اور لیو یی کے ہاتھوں شکست کے بعد کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ ہندوستان کے لیے تمغہ یقینی بنانے کے ایک دن بعد، ساتوک اور چراغ کے پاس عالمی چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ہندوستانی مردوں کی ڈبلز جوڑی بننے کا موقع تھا، لیکن ان کا یہ خواب پورا نہیں ہو سکا کیونکہ وہ ہفتہ کی شام 67 منٹ تک جاری رہنے والے سیمی فائنل مقابلے میں 19-21، 21-18، 12-21 سے ہار گئے۔
عالمی چمپئن شپ میں ہندوستانی جوڑی کا یہ دوسرا تمغہ ہے۔ اس سے پہلے، انہوں نے 2022 میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ ایشیائی کھیلوں کے چمپئنساتوک اور چراغ نے کوارٹر فائنل میں دو بار کے اولمپک تمغے جیتنے والے آرون چیا اور ملائیشیا کے سوہ ووئی یک کو شکست دے کر 2011 سے اس ٹورنامنٹ میں تمغے جیتنے کا ہندوستان کا سلسلہ جاری رکھا۔ تاہم سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم چینی جوڑی کے سخت چیلنج کا سامنا نہ کر سکی۔ اس کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی مہم بھی ختم ہوگئی۔
ساتوک اور چراغ نے ابتدائی گیم میں جارحانہ رویہ اپنایا اور جلد ہی 9-3 کی برتری حاصل کرلی۔ لیکن چن اور لیو نے اس کے بعد شاندار واپسی کی اور ہندوستانی جوڑی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے بعد چراغ تیسرے گیم پوائنٹ سے محروم رہے اور چینی ٹیم پہلا گیم جیتنے میں کامیاب رہی۔ دوسرے گیم میں بھی ہندوستانی جوڑی نے اچھی شروعات کی اور 5-1 کی برتری حاصل کی۔
ساتوک کے اسمیش اور چراغ کے جارحانہ کھیل نے نیٹ پر ہندوستانی ٹیم کو برتری حاصل کرنے میں مدد کی۔ لیکن اس کے بعد چراغ نے نیٹ پر بار بار غلطیاں کیں اور ساتوک کی سروس بھی اچھی نہیں رہی، جس کی وجہ سے چینی جوڑی نے اسکور 16-16 سے برابر کردیا۔ ساتوک کے زبردست اسمیش اور لکی نیٹ کورڈ کی بدولت انہوں نے 21-18 سے جیت حاصل کی اور فیصلہ کن گیم میں داخل ہوگئے۔
تاہم تیسرا گیم یکطرفہ رہا۔ لیو کی سروس نے چراغ کو بار بار پریشان کیا اور چینی جوڑی نے 9-0 کی برتری حاصل کی۔ ہندوستانی جوڑی وقفہ کے وقت 3-11 سے پیچھے تھی اور اس کے بعد واپسی کرنے میں ناکام رہی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ