لاہور ،31اگست (ہ س )۔
پاکستان ان دنوں شدید سیلاب کی زد میں ہے ۔متعدد شہروں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں ۔پنجاب کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہے ۔حکومت کی جانب سے راحت رسانی کا عمل جاری ہے ،حکومت کے ساتھ دیگر اداروں نے بھی امداد فراہمی کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سہ ملکی سیریز میں مسلسل 2 فتوحات کو پاکستان میں سیلاب متاثرین کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔مائیک ہیسن نے سہ ملکی سیریز میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کامیابی کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ مسلسل دو فتوحات پاکستان میں سیلاب متاثرین کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ کچھ لوگ اس وقت بہت مشکل میں ہیں اور ہم ان کی حفاظت اور ہمت کے لیے دعا گو ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے سہ ملکی سیریز میں افغانستان کو 39 رنز جب کہ متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ