جے پور، 31 اگست (ہ س)۔ راجستھان میں بارش کا دور جاری ہے۔ موسمیاتی مرکز، جے پور نے اتوار کو سروہی، پالی اور جالور اضلاع میں شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ بیکانیر، چورو، گنگا نگر اور ہنومان گڑھ کو چھوڑ کر باقی 26 اضلاع میں یلو الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
جے پور میں ہفتہ کی دیر رات تقریباً ایک گھنٹے تک موسلادھار بارش ہوئی، جس کی وجہ سے شہر کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ بارش اتوار کی صبح بھی جاری رہی۔ اسی طرح پرتاپ گڑھ، جودھ پور، سری گنگا نگر، ہنومان گڑھ اور سروہی سمیت کئی اضلاع میں 2 سے 4 انچ بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث بعض علاقوں میں دیواریں اور کچے مکانات گر گئے۔
ادے پور کے جاور مائنز علاقے میں سنیچر کی شام شدید بارش کی وجہ سے کئی گاڑیاں بہہ گئیں۔ بیکانیر کے لنکرنسر علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک 10 سالہ بچہ جاں بحق اور اس کی ماں زخمی ہوگئی۔ بھلواڑہ کے بیجولیا میں پتھر کاٹنے والی فیکٹری میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک مزدور کی موت ہو گئی اور پانچ مزدور زخمی ہو گئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 111 ملی میٹر بارش جودھ پور کے چامو میں ریکارڈ کی گئی۔ جودھ پور ضلع کے تینوری (88 ملی میٹر)، شیکھلا (78 ملی میٹر)، بالیسر (75 ملی میٹر) اور اوسیاں (45 ملی میٹر) میں بھی بھاری بارش ہوئی۔ باڑمیر کے سمدڑی میں 95 ملی میٹر، پرتاپ گڑھ کے چھوٹی سادڑی میں 102 ملی میٹر، سروہی کے ماونٹ ابو میں 75 ملی میٹر اور سری گنگا نگر شہر میں 88 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسمی ماہرین کے مطابق مانسون کی ٹرف فی الحال بیکانیر، کوٹا، سیونی (ایم پی)، درگ (چھتیس گڑھ)، بھوانی پٹنہ (اڈیشہ) اور گوپال پور (اڈیشہ) کے راستے خلیج بنگال کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس کی وجہ سے آئندہ چند دنوں تک ریاست کے بیشتر اضلاع میں ہلکی سے درمیانی اور کبھی تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن