پٹنہ، 29 اگست (ہ س)۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ووٹر ادھیکاریاترا کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی آنجہانی والدہ ہیرا بین مودی کے بارے میں اسٹیج سے غیر مہذب تبصرے کا معاملہ تنازعات میں الجھتا جا رہا ہے۔ پٹنہ کے گاندھی میدان میں مقدمہ درج ہونے کے بعد بہارریاستی خواتین کمیشن نے اب اسے سنجیدگی سے لیا ہے۔
بہارریاستی خواتین کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو دونوں کو نوٹس جاری کرکے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ خواتین کمیشن نے دربھنگہ کے ڈی ایم کو خط لکھ کر پورے معاملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
معاملہ دربھنگہ کا ہے، جہاں راہل گاندھی کے دورے کے دوران اپوزیشن لیڈروں نے استقبالیہ اسٹیج سے ہیرا بین مودی کے بارے میں غیر حساس تبصرے کیے اور گالی گلوچ کا استعمال کیا۔ جیسے ہی اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، سیاسی گلیاروں میں کھلبلی مچ گئی۔ خواتین کمیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر اپسرا نے کہا کہ کسی بھی خاتون کی توہین برداشت نہیں کی جا سکتی، چاہے وہ کسی بھی خاندان یا عہدے سے تعلق رکھتی ہو۔ انہوں نے اس عمل کو جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے بیانات سے معاشرے میں خواتین کے تئیں غلط پیغام جاتا ہے۔
کمیشن نے راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کو بھی خبردار کیا ہے۔ کمیشن نے دونوں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیڈروں کی ذمہ داری ہے کہ سیاسی پلیٹ فارم کو خواتین کے خلاف بیانات دینے کا اکھاڑا نہ بنایا جائے۔ کمیشن نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں ایسا واقعہ دہرایا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan