راجگیر، 29 اگست (ہ س)۔
ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ کی ہیٹ ٹرک کی بدولت ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے ایشیا کپ 2025 میں اپنی مہم کا آغاز جمعہ کو راجگیر میں چین کو 4-3 سے شکست دے کر جیت کے ساتھ کیا۔
ہندوستانی ٹیم پہلے کوارٹر میں اس وقت پیچھے رہ گئی جب ڈو شیہاؤ نے 12ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل دیا۔ ہندوستان نے پہلے کوارٹر کے اختتام پر اس وقت برابری کا موقع گنوا دیا جب کپتان ہرمن پریت سنگھ کی ڈریگ فلک آؤٹ ہوگئی۔ اس کے بعد جوگراج سنگھ نے موقع نہیں گنوایا اور 18ویں منٹ میں ڈریگ فلک سے گول کر کے ہندوستان کو 1-1 سے برابر کر دیا۔ ٹھیک دو منٹ بعد ہرمن پریت نے دائیں کونے میں پنالٹی کارنر سے گول کر کے ہندوستان کی برتری کو دوگنا کر دیا۔ ہرمن پریت نے ایک اور پنالٹی کارنر سے گول کر کے ہندوستان کو 3-1 کی برتری دلا دی۔
تاہم، چن بینہائی نے اپنی ڈریگ فلک سے ہندوستانی گول کیپر کرشنا پاٹھک کو شکست دے کر چین کو میچ میں واپس لایا۔ اس کے بعد ہرمن پریت نے پنالٹی اسٹروک گنوا دیا جس سے چین کے لیے برابری کا موقع کھل گیا۔ 42ویں منٹ میں گاو جیشینگ نے شارٹ کارنر کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور 3-3 سے برابر کردیا۔ ہندوستانی کپتان نے شارٹ کارنر پر تیسری بار گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ہندوستان کو سخت مقابلے میں 4-3 سے جیت دلائی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ