اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور بزنس مین راج کندرا ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ سال 2023 میں انہوں نے فلم 'یو ٹی 69' سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا، لیکن یہ باکس آفس پر کوئی خاص اثر نہیں کر سکی۔ اب کندرا نے ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے پنجابی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا ہے۔ ان کی پہلی پنجابی فلم 'مہر' کا ٹریلر بالآخر ریلیز ہو گیا ہے جس کے شائقین میں خوب چرچے ہو رہے ہیں۔
اداکارہ گیتا بسرا 'مہر' میں راج کندرا کے ساتھ نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ فلم میں اشیش دگل، ہوبی دھالیوال، بنندر بنی، روپندر روپی، من پریت مانی، کلویر سونی، انکت ساگر، نیہا دھیال اور سویتا بھٹی جیسے کئی اداکار بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی ڈائریکشن اور کہانی دونوں راکیش مہتا نے تیار کی ہیں۔ فلم 5 ستمبر 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ٹریلر سامنے آنے کے بعد فلم کے حوالے سے شائقین کا جوش مزید بڑھ گیا ہے۔
راج کندرا کی اس نئی اننگز پر ان کی اہلیہ شلپا شیٹی نے بھی اپنی محبت اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا، واہ! پنجابی فلموں کو ایک نیا ہیرو ملا ہے، لیکن میرے لیے وہ ہمیشہ ہی ہیرو رہے ہیں۔ فلم راج میں خوش آمدید۔ آپ کو اور 'مہر' کی پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات۔ ہدایتکار راکیش مہتا پاجی، فلم کے گانے اور اب ٹریلر لاجواب ہیں۔ فلم دیکھنے کا انتظار ہے۔ تصویر ابھی باقی ہے دوستو 5 ستمبر میں… آپ دیکھیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی