فیروز آباد، 20 اگست (ہ س)۔ تھانہ جسرانہ کے علاقے میں منگل کوایک کھیت سے طالبہ کی خون میں لت پت جو لاش ملی تھی، اس کے والد نے ہی کلہاڑی سے اس کی گردن پر حملہ کر کے اسے قتل کر دیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ واقعہ کے پیچھےعشق کا معاملہ تھا۔ پولیس نے ملزم باپ کو منگل کی رات دیر گئے گرفتار کر لیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (دیہات)، تریگون بسین نے انکشاف کیا کہ منگل کو تھانہ جسرانہ علاقے کے نگلا جاٹ گاوں کے ایک کھیت سے اسی گاوں کی ایک نوعمر لڑکی نیہا (17) کی لاش ملی تھی۔ اسے گلا کاٹ کر قتل کیا گیاتھا۔ نیہا 12ویں کلاس کی طالبہ تھی۔ پولیس تھانہ نے اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ لڑکی کے پڑوسی گاوں کے ایک نوجوان کے ساتھ تعلقات تھے۔ پیر کی دیر رات وہ نوجوان سے ملنے کھیت میں گئی تھی۔ اس دوران اس کے والد اندراپال اسے ڈھونڈتے ہوئے موقع پر پہنچ گئے۔ اپنی بیٹی کو اس کے عاشق کے ساتھ کھیت میں دیکھ کر وہ مشتعل ہو گیا اور کلہاڑی سے بیٹی کی گردن پر وار کر دیا، جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
اے ایس پی نے بتایا کہ ملزم والد اندرپال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے اپنا جرم بھی قبول کر لیا ہے۔ اس کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والی کلہاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ واقعے سے متعلق دیگر شواہد اکٹھے کرکے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد