ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو، 11 اگست (ہ س)۔ روسٹن چیس اور جسٹن گریوز کی شاندار شراکت کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بارش سے روکے ہوئے دوسرے ون ڈے میں پیر کو پاکستان کو 10 گیندوں پر پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
چیس نے 47 گیندوں پر 49 رن بنائے اور ناٹ آوٹ رہے، جس میں دو چھکے اور ایک جیت کا چوکا شامل تھا۔ ویسٹ انڈیز نے ہدف 33.2 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 184 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ میزبان ٹیم کو بارش کی وجہ سے ڈی ایل ایس طریقہ سے 35 اووروں میں 181 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا تھا۔ پاکستان کی اننگز 37 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 171 رنوں پر ختم ہوئی۔ فاسٹ بولر جیڈن سیلز نے سات اوورز میں 23 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے 18ویں اوور تک تین وکٹوں پر 101 رنز بنا لیے تھے لیکن 24ویں اوور تک اسکور 111/5 ہو گیا۔ اس دوران شیرفین ردرفورڈ 33 گیندوں پر 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس میں تین چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ چیس اور گریویز (31 گیندوں پر 26 ناٹ آؤٹ) نے چھٹی وکٹ کے لیے 77 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 36 رنز بنائے جس میں تین چھکے شامل تھے- آخری اوور میں دو چھکے آئے جس کے بعد بارش نے کھیل روک دیا۔ حسین طلعت نے 32 گیندوں پر 31 رنز جوڑے۔ کپتان محمد رضوان 38 گیندوں پر 16 رنز بنانے کے بعد گڈکش موتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
غور طلب ہے کہ جمعہ کو کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں بھی پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ منگل کو اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان نے فلوریڈا میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-2 سے جیتی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد