بیر بھوم، 06 جولائی (ہ س)۔ دیوی دیوتاؤں کی تصویر والے لکڑی کے فریم میں چھپا کر گانجے کو اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے تین اسمگلروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ ان کے پاس سے تقریباً 12 کلو گانجہ برآمد ہوا ہے۔ گرفتار ملزمان میں سے ایک آسام کا رہنے والا ہے، جب کہ دیگر دو میں سے ایک ترنمول کانگریس لیڈر لالن شیخ ہے۔ وہ نارائن پور پنچایت کا رکن بھی ہے۔ تیسرا ملزم لالن کا ساتھی ہے، جو نارائن پور پنچایت کے تیتولبندھی گاؤں کا رہنے والا ہے۔
اتوار کو پولیس نے بتایا کہ ہفتہ کو تینوں ملزمین بہرام پور سے بس کے ذریعے رام پورہاٹ بس اسٹینڈ پہنچے تھے۔ وہاں سے وہ کسی اور جگہ جانے کے لیے رام پورہاٹ مڈگرام موڑ پر کھڑے تھے۔ پھر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔ جب ان کی تلاشی لی گئی تو ان کے بیگ میں رکھی دیوی دیوتاؤں کی تصویروں کے فریم کے اندر سے گانجہ کی ایک بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ اس کے بعد تینوں کو گرفتار کر کے رام پورہاٹ تھانے لے جایا گیا۔
پولیس کو شبہ ہے کہ قریبی تاراپیٹھ بازار میں دیوی دیوتاؤں کی تصویروں والی دکانیں ہیں۔ ساتھ ہی ان تصویروں کے ذریعے گانجہ اسمگل کیا جا رہا تھا تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ بہرام پور سے بیر بھوم ضلع تک گانجے کی اسمگلنگ کا ایک باقاعدہ راستہ بن گیا ہے۔
اس معاملے پر ترنمول کانگریس کے زونل صدر امت اللہ (ملن) نے کہا کہ ہم نے رام پورہاٹ کے ایم ایل اے کو مطلع کیا ہے۔ ہماری پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ لالن شیخ کو فوری طور پر پارٹی سے نکالا جائے۔ حتمی فیصلہ پارٹی کے سینئر عہدیدار کریں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی