نئی دہلی، 31 جولائی (ہ س)۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان اشیا پر 25 فیصد ٹیرف اور جرمانے کا اعلان کرکے گھریلو شیئر بازار میں ہلچل مچا دی ہے۔ ابتدائی تجارت میں گھریلو شیئر بازار گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتا نظر آرہا ہے۔ شیئر مارکیٹ میں ہلچل کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بازار کھلنے کے بعد پہلے ہی منٹ میں بی ایس ای پر درج کمپنیوں کا مارکیٹ کیپ 4.42 لاکھ کروڑ تک گر گیا۔ حالانکہ مارکیٹ کھلنے کے بعد خریداروں نے خریدنا شروع کیا اور سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کو سہارا دینے کی کوشش کی۔ اس کے باوجود دونوں انڈیکس اس وقت بڑی گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں کاروبار کر رہے ہیں۔ صبح 10 بجے تک کاروبار کے بعد سینسیکس 0.68 فیصد اور نفٹی 0.64 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
رات 10 بجے تک کاروبار کے بعد شیئر مارکیٹ کے بڑے شیئروں میں سے جیو فائنانشل، پاور گرڈ کارپوریشن، جے ایس ڈبلیو اسٹیل، ایس بی آئی لائف انشورنس اور آئی ٹی سی کے شیئرز 3.40 فیصد سے لیکر 0.07 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف بھارتی ایئرٹیل، ڈاکٹر ریڈی لیبارٹریز، ریلائنس انڈسٹریز، کول انڈیا اور مہندرا اینڈ مہندرا کے شیئر 1.71 فیصد سے لیکر 1.15 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
شیئر مارکیٹ میں ابھی تک کے کاروبار میں 2,421 شیئروں میں ایکٹو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 599 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں جبکہ 1,822 شیئر خسارے کے بعد سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 5 شیئر خرید کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 25 کمپنیوں کے شیئر سرخ نشان کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 6 شیئر سبز نشان میں اور 44 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 786.36 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 80,695.50 پوائنٹس پر کھلا۔ کاروبار کے آغاز کے بعد خریداروں نے خریداری کا زور بنا دیا جس کی وجہ سے انڈیکس نچلی سطح سے 350 پوائنٹس سے زیادہ کی چھلانگ لگا کر 81,050.83 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ حالانکہ اس کے بعد ایک بار پھر مارکیٹ پر فروخت کنندگان حاوی ہوگئے جس کی وجہ سے اس انڈیکس میں گراوٹ بڑھنے لگی۔ بازار میں لگاتار خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک کاروبار کے بعد سینسیکس 556.85 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 80,925.01 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای نفٹی نے آج 212.80 پوائنٹس پھسل کر 24,642.25 پوائنٹس کی سطح پر تجارت شروع کی۔ مارکیٹ کھلتے ہی خریداروں نے خریداری شروع کر دی جس کے باعث انڈیکس ابتدائی سطح سے تقریباً 80 پوائنٹس ریکور کر کے 24,728.95 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ اس کے بعد مارکیٹ میں ایک بار پھر فروخت کا دباو بن گیا جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی چال پھر سے کمزور ہوگئی۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک کاروبار کے بعد نفٹی 160.10 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 24,694.95 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن