- آم کی مختلف اقسام کے ساتھ آم سے بنے ذائقے دار پکوانوں اور مصنوعات کی نمائش کی گئی
نئی دہلی، 03 جولائی (ہ س)۔ آم کے موسم میں لولو گروپ نے ابوظہبی میں زرعی اور ڈبہ بند خوراک کی مصنوعات کی درآمدات کے فروغ سے متلعق اتھارٹی (اے پی ای ڈی اے) کے ساتھ شراکت میں ’انڈین مینگو مینیا 2025‘ لانچ کیا۔ متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی سفیر سنجے سدھیر نے انڈین مینگو مینیا کا افتتاح کیا۔
تجارت و صنعت کی وزارت کے مطابق، ابوظہبی میں ’انڈین مینگو مینیا‘ کا انعقاد ہندوستانی زرعی مصنوعات بالخصوص آم کی عالمی موجودگی کو بڑھانے کی مسلسل کوششوں کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا ہے۔ یہ آم میلہ متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی سفارت خانے اور لولو گروپ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ۔ یہاں آم سے بنے مزیدار پکوانوں اورمصنوعات کے ساتھ ہندوستان کی بہترین آم کی اقسام کی نمائش کی گئی ہے۔
تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا، ”ہندوستان کے بہترین آموں نے متحدہ عرب امارات کی منڈیوں کو جیت لیا ہے۔ ’انڈین مینگو مینیا 2025‘ پورے اتر پردیش، بہار، مغربی بنگال اور مدھیہ پردیش کے باغات سے ہمارے پریمیم مقامی پھلوں کے ذائقے کو متحدہ عرب امارات کے صارفین کے لئے پہنچ رہا ہے۔ ہمارے کسان اور برآمدکار عالمی منڈیوں سے بڑھتی مانگ کے ساتھ اپنی محنت کی میٹھی کامیابی کے ذائقے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
وزارت کے مطابق،’انڈین مینگو مینیا 2025‘ میں ہندوستانی آموں کی بہترین اقسام کی نمائش کی گئی جس میں جی آئی ٹیگ والی خصوصیات شامل ہیں۔ نمائش کئے گئے ہندوستانی آموں کی بہترین اقسام میں جی آئی ٹیگ شدہ اور علاقائی خصوصیات جیسے بنارسی لنگڑا، دسہری، چونسہ، سندرجا، امرپالی، مالدہ، بھارت بھوگ، پربھا شنکر، لکشمن بھوگ، محمود بہار، ورنداوانی، فضلی اور ملیکا شامل ہیں۔ آم کے چوٹی کے موسم کے دوران منظم کیے جانے والے اس پروموشن کا مقصد بین الاقوامی صارفین، خاص طور پر متحدہ عرب امارات اور خلیجی خطے میں وسیع پیمانے پر پھیلے ہوئے ہندوستانی باشندوں کے سامنے ہندوستان کی بہترین آم کی اقسام کی نمائش کرنا ہے۔
اس مہم کا باضابطہ افتتاح متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کے سفیر سنجے سدھیر نے لولو ہائپر مارکیٹ، خالدیہ مال میں لولو گروپ کے چیئرمین یوسف علی ایم اے کی موجودگی میں کیا۔ تقریب میں ہندوستانی سفارت خانے کے قونصلر (تجارت اور سرمایہ کاری) روہت مشرا، اے پی ای ڈی اے کے ڈپٹی جنرل منیجر ڈاکٹر سی بی سنگھ اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد