ہندوستانی فلموں کے مشہور موسیقار مدن موہن کا پورا نام مدن موہن کوہلی تھا۔ 25 جون 1924 کو بغداد میں پیدا ہوئے۔ مدن موہن نے اپنی زندگی کے ابتدائی سال مشرق وسطیٰ میں گزارے۔ خاص بات یہ ہے کہ مدن موہن جوانی میں فوجی تھے۔ مدن موہن نے سال 1943 میں فوج میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کے طور پر شمولیت اختیار کی۔ دوسری جنگ عظیم کے اختتام کے بعد انہوں نے فوجی سروس چھوڑ دی اور موسیقی کی طرف متوجہ ہو گئے۔ 1946 میں انہوں نے آل انڈیا ریڈیو میں بطور پروگرام اسسٹنٹ شمولیت اختیار کی۔ بعد میں مدن موہن ہندی فلموں میں موسیقار کے طور پر مشہور ہوئے۔ انہوں نے طلعت محمود اور لتا منگیشکر کی آواز کے ساتھ کئی یادگار غزلیں ترتیب دیں، جن میں فلم مدہوش کا نغمہ میری یاد میں تم نہ آنسو بہانا ، جہاں آرا فلم کی مشہور غزل پھر وہی شام وہی غم وہی تنہائی ہے اوران پڑھ فلم کا مشہور گیت آپکی نظروں نے سمجھا، اگر مجھ سے محبت ہے جیسے گیت شامل ہیں۔ وہ کون تھی فلم کا وہ مشہور گیت کون بھول سکتا ہے، لگ جا گلے سے پھر یہ حسین رات ہو نہ ہو شاید کہ اس جنم میں ملاقات ہو نہ ہو۔ مدن موہن حقیت (1964)، میرا سایہ (1966)، ہیر رانجھا (1970) جیسی یادگار فلموں کے بھی میوزک ڈائریکٹر تھے۔ ان فلموں کے گانے آج بھی لوگوں کے لبوں پر رواں ہیں۔ سال 2004 میں ان کی غیر استعمال شدہ دھنیں فلم ویر زارا کے لئے استعمال کی گئ تھیں۔ ان کا انتقال 14 جولائی 1975 کو محض 51 سال کی عمر میں ہوگیا تھا۔
دیگر اہم واقعات:
1636 - شاہ جہاں نے اورنگ زیب کو دکن کا صوبیدار مقرر کیا۔
2013 - بھارت میں آخری ٹیلی گرام بھیجا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں 163 سال پرانی ٹیلی گرام سروس بند کردی گئی۔
2015 - ناسا کا نیو ہورائزن پلوٹو کا دورہ کرنے والا پہلا خلائی جہاز بن گیا۔
پیدائش
1971 - انل فیروزیہ - اجین سے بی جے پی لوک سبھا ممبر۔
1929 - کیلاش چندر جوشی - بی جے پی سیاست دان اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ۔
1920 - شنکر راؤ چوان - انڈین نیشنل کانگریس کے سیاست دان۔
1909 -ای ایم ایس نمبودری پاد - مشہور کمیونسٹ رہنماؤں میں سے ایک اور کیرالہ کے پہلے وزیر اعلیٰ۔
1900 - دیش بندھو گپتا - مشہورمجاہد آزادی اور صحافی۔
1856 - گوپال گنیش آگرکر - مشہور سماجی کارکن۔
انتقال
2008 - وائی وی چندرچوڑ - ہندوستان کے 16ویں چیف جسٹس۔
2003 - لیلا چٹنیس - ہندی فلموں کی مشہور اداکارہ۔
1982 - رمن وشواناتھن - معروف ہندوستانی طبی سائنسدان۔
1975 - مدن موہن - ہندی فلموں کے مشہور موسیقار۔
1896 - راجہ لکشمن سنگھ - مشہور ہندی ادیب۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد