نئی دہلی، 12 جولائی (ہ س)۔ قدیم مراٹھا سلطنت کے فوجی قلعے یعنی مراٹھا ملٹری لینڈ اسکیپ کو یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ شناخت حاصل کرنے والی ہندوستان کے تاریخی اثاثہ جات کی تعداد 44 ہو گئی ہے۔ یہ فیصلہ جمعہ کو پیرس میں عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کے 47ویں اجلاس میں کیا گیا۔ یہ عالمی اعزاز ہندوستان کے پائیدار ثقافتی ورثے کے جشن کی علامت ہے۔ اس پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت اور مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے اس تاریخی کامیابی کی تعریف کی اور ہندوستان کے لوگوں کو اس کے لیے مبارکباد دی ہے۔
مراٹھا ملٹری لینڈ اسکیپ 12 قلعوں کا ایک نیٹ ورک ہے، جو 17 سے 19 ویں صدی میں مراٹھا حکمرانوں کے غیر معمولی فوجی نظام اور حکمت عملی کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس نامزدگی کے تحت مہاراشٹر کے 390 سے زیادہ قلعوں میں سے صرف 12 کا انتخاب کیا گیا۔ مراٹھا ملٹری لینڈ اسکیپ میں 12 قلعے ہیں۔ ان میں سالہیر قلعہ، شیو نیری قلعہ، لوہ گڑھ، کھنڈیری قلعہ، رائے گڑھ، راج گڑھ، پرتاپ گڑھ، سوورنادرگ، پنہالہ قلعہ، وجے درگ، سندھو درگ اور جنجی قلعہ شامل ہیں۔ ان میں سے آٹھ قلعوں کو حکومت ہند کے محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) نے محفوظ کیا ہے، جبکہ باقی چار حکومت مہاراشٹر کے آثار قدیمہ اور عجائب گھروں کے ڈائریکٹوریٹ کے تحت ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد