نئی دہلی، یکم جولائی (ہ س)۔ عوامی شعبے کے خوردہ ایندھن فروخت کنندگان کے مطابق تیل اور گیس کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے تین دورکی کمی کے بعد ایوی ایشن فیول کی قیمت میں 7.5 فیصد اضافہ کیا ہے۔ اس کے بعد قومی دارالحکومت نئی دہلی میں اے ٹی ایف کی قیمت 6,271.5 روپے فی کلو لیٹر یعنی 7.5 فیصد بڑھ کر 89,344.05 روپے فی کلو لیٹر ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق منگل سے ہو گیا ہے۔ یہ اضافہ گذشتہ ماہ ایران پر اسرائیل کے حملے کے بعد بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میںآئی تیزی کے مطابق ہے۔
اسی طرح ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں اے ٹی ایف کی قیمت 77,602.73 روپے فی کلو لیٹر سے بڑھ کر 83,549.23 روپے فی کلو لیٹر ہو گئی ہے، جب کہ چنئی اور کولکاتا میں اس کی قیمت بالترتیب 92,526.09 روپے اور 92,705.74 روپے فی کلو لیٹر ہو گئی ہے۔ اس میں ویٹ (ویلیو ایڈڈ ٹیکس) شامل ہے، جس کی شرحیں مقامی ٹیکسوں کے لحاظ سے ہر ریاست میں مختلف ہوتی ہیں۔
اے ٹی ایف کی قیمت میں یہ اضافہ اپریل سے تین ماہانہ اقساط میںنافذ کی گئی کل کمی کا نصف ہے۔ اے ٹی ایف کی قیمت آخری بار یکم جون کو 2,414.25 روپے فی کلو لیٹر (2.82 فیصد) کم ہو کر 83,072.55 روپے فی کلو لیٹر کر دی گئی تھی۔ اس سے پہلے یکم مئی کو اس کی قیمتوں میں 4.4 فیصد (3,954.38 روپے فی کلو لیٹر) کی کمی کی گئی تھی، جبکہ یکم اپریل کو 6.15 فیصد) 5,870.54 فی کلو لیٹر) کی بھاری کمی کی گئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایف کی قیمتوں میں یہ اضافہ گذشتہ ماہ ایران پر اسرائیل کے حملے کے بعد تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔ اس اضافے سے کمرشیل ایئر لائنز پر بوجھ بڑھے گا، جن کے لیے ان کے آپریٹنگ اخراجات کا تقریباً 40 فیصد ایندھن ہے۔ تاہم، اے ٹی ایف پر قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر ایئر لائنز سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکا۔
پبلک سیکٹر کی تیل اور گیس کی مارکیٹنگ کمپنیاں انڈین آئل کارپوریشن ( آئی او سی)، بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) اور ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل) بین الاقوامی بینچ مارک ایندھن کی اوسط قیمت اور غیر ملکی کرنسی کی شرح کی بنیاد پر ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو اے ٹی ایف اور ایل پی جی کی قیمتوں پر نظر ثانی کرتی ہیں۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد