نئی دہلی،07جون(ہ س)۔ دارالحکومت دہلی میں عیدالاضحی کا تہوار پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ صبح کے وقت عیدگاہوں اور مساجد میں نماز دوغانہ ادا کی گئی اور اس کے بعد مسلمانوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل کو اللہ کے نام پر قربان کرنے کے واقعہ کی یاد میں جانوروں کی قربانی کی۔
شاہی امام شعبان بخاری نے پہلی بار شاہجہانی جامع مسجد میں پگڑی باندھنے کے بعد عیدالاضحی کی نماز ادا کی۔ انہیں یہ موقع اس لیے ملا کیونکہ ان کے والد بزرگوار شاہی امام سید احمد بخاری بیمار تھے۔ مسلمانوں کی بڑی تعداد نے جامع مسجد میں عیدالاضحی کی نماز ادا کی اور نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔
امام ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے شاہی مسجد فتح پوری میں عیدالاضحی کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر انہوں نے اللہ تعالیٰ سے ملک میں امن اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ مسلمانوں نے رانی جھانسی روڈ پر واقع عیدگاہ میں بھی نماز ادا کی۔ اس کے علاوہ دہلی بھر کی مساجد میں بھی عید الاضحی کی نماز ادا کی گئی۔ نماز کے بعد مسلم اکثریتی علاقوں میں مختلف مقامات پر بچوں کے لیے جھولے لگائے گئے جہاں بچے خوب سیر کرتے نظر آئے۔ غبارے اور کھلونے بیچنے والوں کے ارد گرد بچوں کا ہجوم بھی دیکھا گیا۔ مسلمانوں کی جانب سے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ صبح سے جاری ہے اور آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔ دہلی میونسپل کارپوریشن اور مقامی میونسپل کونسلروں کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی باقیات اٹھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ گلیوں اور محلوں میں کچرا صاف کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں صفائی کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ اس صفائی مہم میں علاقائی سماجی تنظیموں کا بھی تعاون حاصل ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan