خصوصی سیاحتی ٹرین : بھارت گورو ٹورسٹ ٹرین کا پانچ روزہ تاریخی سفر، 9 جون سے آغاز
اورنگ آباد ،03 جون (ہ س)۔ چھترپتی
شیواجی مہاراج کی حیات و کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور مہاراشٹر کے سیاحتی
و ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کے مقصد سے انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (آئی
آر ٹی سی ٹی) نے 'چھترپتی شیواجی مہاراج سرکٹ'
کے نام سے ایک خصوصی سیاحتی ٹرین کا اعلان کیا ہے، جو 9 جون 2025 سے 'بھارت گورو
ٹورسٹ ٹرین' کے تحت روانہ ہوگی۔ ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپلکر نے شہریوں سے اپیل کی
ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تاریخی مقامات کی سیر کریں۔
ڈویژنل کمشنر پاپلکر نےبتایا کہ اس
پانچ روزہ سفر میں شیواجی مہاراج سے متعلق مختلف تاریخی مقامات کی سیر، تاریخ پر
مبنی پروگرام، اور جامع معلوماتی رہنمائی شامل ہوں گی۔ گڈکوٹہ اور دیگر مقامات پر
بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ریلوے اور مہاراشٹر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن
نے خصوصی تیاری کی ہے۔
آئی آر ٹی سی ٹی اور کارپوریشن کے
افسران سیاحوں کو ہر مرحلے پر مکمل رہنمائی فراہم کریں گے۔ قلعوں اور تاریخی
مقامات پر معلومات کی پیشکش اور سیاحتی انتظامات کو مؤثر بنانے کی مکمل منصوبہ بندی
کی گئی ہے تاکہ ہر مسافر کو ایک بامقصد اور تاریخی تجربہ حاصل ہو۔
اجلاس میں ریذیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر، میونسپل
کارپوریشن، متعلقہ محکموں اور ریلوے کے افسران نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان