نئی دہلی، 4 جون (ہ س)۔ ایئرکوالٹی مینجمنٹ کمیشن (سی اے کیو ایم) نے اگلے سال نومبر سے قومی دارالحکومت دہلی میں آلودگی کے معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ان میں اسکول بسیں اور ٹورسٹ گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
بدھ کو جاری کردہ ایک ہدایت میں، سی اے کیو ایم نے کہا کہ 1 نومبر 2026 سے صرف کلین موڈ پر چلنے والی بسیں یعنی بی ایس-VI ڈیزل، سی این جی، ای وی کے تحت کنٹریکٹ کیریج پرمٹ، ادارہ یا اسکول بس پرمٹ، آل انڈیا ٹورسٹ پرمٹ وغیرہ دہلی میں داخل ہو سکیں گی۔ تاہم، یہ پابندیاں دہلی میں رجسٹرڈ بسوں پر لاگو نہیں ہوں گی۔
دریں اثنا ، 23 اپریل کو، کمیشن نے اس سال نومبر سے دہلی میں بی ایس-VI، سی این جی، ایل این جی اور ای وی کے علاوہ ایل جی وی، ایم جی وی اور ایچ جی وی جیسی تمام تجارتی سامان کی گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔
کمیشن نے دہلی حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ دہلی کی سرحدوں پر اے این پی آر اور آر ایف آئی ڈی جیسے تکنیکی اقدامات کی مدد سے ان قوانین کو سختی سے نافذ کریں۔ نیز، کمیشن نے تمام ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ تمام متعلقہ لوگوں کو ان ہدایات کے بارے میں معلومات فراہم کریں، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ 31 اکتوبر 2026 کے بعد صرف اجازت یافتہ بسیں ہی دہلی میں داخل ہو سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد