کولکاتا، 18 جون (ہ س)۔ بھارت میں فضائی آپریشن سے متعلق مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ 12 جون کو احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز تکنیکی خرابی کی وجہ سے واپس لوٹنے کے واقعے کے بعد اب دو الگ الگ بموں کی دھمکیوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا ہے۔
ایک طرف جہاں کوچی سے دہلی جانے والی انڈیگو کی فلائٹ کے پائلٹ نے ناگپور میں ہنگامی لینڈنگ کی وہیں دوسری طرف منگل کی شام کولکاتا ایئرپورٹ کے عوامی شکایات کے دفتر کی میل آئی ڈی پر ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ ٹرمینل کے ریسٹ روم کی پائپ لائن کے اندر بم رکھا گیا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔
ای میل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ دھماکہ 26/11 ممبئی حملے کے مجرم اجمل قصاب کو پھانسی دینے اور تامل دہشت گرد تنظیم ایل ٹی ٹی ای کے سربراہ پربھاکرن کے حامی اے شنکر کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے لیے کیا جائے گا۔
بدھ کی صبح ایک اہلکار نے بتایا کہ کولکاتا ہوائی اڈے سے موصول ہونے والی دھمکی آمیز میل 'ایلیکس پال مینن' نامی شخص کی میل آئی ڈی سے بھیجی گئی تھی۔ میل موصول ہونے کے بعد، سی آئی ایس ایف نے ٹرمینل کے ہر حصے - روانگی کے علاقے، عملے کے داخلے کے دروازے، اور کارگو زون میں ایک جامع تلاشی آپریشن کیا۔ سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لیے سوار ہونے سے پہلے مسافروں کے سامان کی بے ترتیب چیکنگ کو بڑھا کر 20 فیصد کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ بدھان نگر پولس نے بھی ہوائی اڈے کے باہر حفاظتی چیکنگ سخت کر دی۔ بدھان نگر پولس کمشنریٹ کے ایک سینئر افسر کے مطابق کئی گھنٹوں کی تفتیش کے باوجود کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ فی الحال جس آئی پی ایڈریس سے میل بھیجی گئی تھی اس کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔
دونوں واقعات میں کوئی قابل اعتراض چیز نہیں ملی ہے تاہم سیکیورٹی ادارے چوکس ہیں اور معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی