حیدرآباد، 15جون (ہ س)۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی نائب صدر اور حلقہ اسمبلی صنعت نگر کی انچارج ڈاکٹر کوٹا نیلیما نے ٹی آر ایس رکن اسمبلی تلا سانی سرینواس یادو پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں مکمل طور پر ناکام قراردیا ہے۔ڈاکٹر نیلیما نے کہا کہ صنعت نگر حلقے، خاص طور پر بیگم پیٹ ڈویژن کی اولڈ کسٹم بستی میں واقع نئے مسلم قبرستان کی حالت نہایت ناگفتہ بہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ قبرستان میں تدفین کا عمل شروع ہونے کے باوجود وہاں نہ پانی کی سہولت موجود ہے، نہ برقی کا نظم ہے اور نہ ہی صفائی و شجرکاری کی کوئی صورت حال نظر آتی ہے۔ ہر طرف پتھروں، کچرے اور گندگی کا ڈھیر جمع ہے، جو متعلقہ نمائندے کی بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔ڈاکٹر نیلیمانے رکن اسمبلی سرینواس یادو کے اس دعوے پر بھی سوال اٹھایاکہ وہ مسلم قبرستان کی منظوری لے چکے ہیں، لیکن اب تک قبرستان سے متعلق دستاویزی ثبوت عوام کے سامنے پیش کیوں نہیں کیے جا رہے؟ انہوں نے کہا کہ اس کے سبب مسلم میتوں کے ورثا کو ڈیڈت سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ڈاکٹر کوٹا نیلیما نے بیگم پیٹ کی اولڈ کسٹم بستی میں واقع مسلم قبرستان کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ سلیم خان، وشال، حنیف خان، محمد نصیر، اشفاق سلیم مقبول، صدیق اور دیگر نوجوان موجود تھے۔ اس موقع پر بستی کے معزز افراد نے بھی سرینواس یادو کی لاپرواہی اور ہٹ دھرمی کی سخت مذمت کی۔مقامی عوام نے ڈاکٹر نیلیما سے قبرستان کے الاٹمنٹ لیٹر کے جلد از جلد اجرا کےلیے مداخلت کی اپیل کی، جس پر انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس مسئلہ پر اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک اجلاس طلب کریں گی اور جلد از جلد اس دیرینہ مسئلہ کو حل کروائیں گی۔علاوہ ازیں، ڈاکٹر کوٹا نیلیما نے بیگم پیٹ بستی کے مختلف علاقوں کا پیدل دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لیا اور مقامی خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ بستی کے عوام نے ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق