جموں, 15 جون (ہ س)سرحدی ضلع پونچھ کے ساوجیاں علاقے کے گگریاں گاؤں میں مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاعات کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور اسپیشل آپریشن گروپ نے اُن متعدد افراد کے رہائشی مکانات پر چھاپے مارے جن پر پاکستان سے رابطے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، خفیہ نگرانی کے دوران کچھ مشتبہ افراد کے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات سے حاصل شدہ ڈیٹا کو انٹرسیپٹ کیا گیا ہے، جس کی روشنی میں ان کی سرحد پار مواصلاتی سرگرمیوں کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی قومی سلامتی کو درپیش ممکنہ خطرات کے تدارک کے لیے کی جا رہی ہے۔
فی الحال تفتیش جاری ہے اور حکام نے آئندہ دنوں میں مزید گرفتاریاں یا پوچھ گچھ کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔ اس دوران علاقے میں سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کی تعیناتی سے عوامی سطح پر اضطراب ضرور دیکھا گیا، تاہم پولیس نے یقین دلایا ہے کہ یہ آپریشن محض احتیاطی تدابیر کا حصہ ہے جس کا مقصد خطے میں پائیدار امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر