ریاض،13جون(ہ س)۔سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود بزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ موجودہ کشیدگی کا خاتمہ بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں نے مسئلے کے پرامن حل کے لیے جاری مذاکراتی عمل اور کشیدگی کم کرنے کی عالمی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ولی عہد نے گفتگو کے آغاز میں ایرانی صدر، ایرانی عوام اور حملوں میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب ایران کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچانے والے ان حملوں کو مسترد کرتا ہے، کیونکہ یہ بین الاقوامی قوانین اور سفارتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔سعودی ولی عہد نے دوٹوک انداز میں کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ تنازعات کے حل کے لیے طاقت کے بجائے مکالمے اور سیاسی طریقہ کار کو ترجیح دیتا ہے۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود بزشکیان نے سعودی ولی عہد کی ہمدردی اور ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسرائیلی حملوں کی کھلی مذمت کرنے پر سعودی عرب کے مو¿قف کو سراہا اور خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا ایرانی حجاج کےلیے خدمات کی فراہمی اور ان کی وطن واپسی تک سہولیات مہیا کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan