کولکاتا، 14 جون (ہ س)۔ میگھالیہ کے مشہور راجا رگھوونشی قتل کیس میں مغربی بنگال کا سلی گوڑی بھی جانچ کے دائرے میں آیا ہے۔ قتل کے بعد ملزم خاتون سونم رگھوونشی نے پولیس سے بچنے کے لیے سلی گوڑی کو پناہ گاہ کے طور پر منتخب کیاتھا۔ پولیس کو اب پورے معاملے میں برقعہ پہن کر شناخت چھپانے اور جھوٹی کہانی گھڑ کر خود سپردگی کرنے کی ایک چونکا دینے والی سازش کا پتہ چلا ہے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ سونم 8 جون کو اندور سے سلی گوڑی پہنچ کر وہاں قیام کرنے والی تھی لیکن اس کے ایک ساتھی کی گرفتاری اور راجا رگھوونشی کی کال نے پورا منصوبہ بدل دیا۔ اس کے بعد سونم اتر پردیش کے غازی پور کی طرف چلی گئیں۔
پولیس کے مطابق سونم نے 23 مئی کو شیلانگ کے سوہرا علاقے میں اپنے شوہر راجا رگھوونشی کو قتل کرنے کے بعد اپنی شناخت چھپانے کے لیے برقع پہنا تھا۔یہ برقع پہلے ہی اسے اس کے عاشق راجا کشواہا نے وشال چوہان نامی ایک اور ملزم کے ذریعے بھیجا تھا۔ سونم نے اپنا رین کوٹ ملزم آکاش کو دیا اور پھر ا س کے اسکوٹر پر شہر کے لیے روانہ ہوگئی۔
شمالی بنگال کے ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ سونم سب سے پہلے سلی گڑی کے تینزنگ نورگے بس ٹرمینس پہنچی۔ اس نے وہیں رہنے کا ارادہ کیا تھا لیکن اس کے ایک ساتھی کی گرفتاری کے بعد سونم نے وہاں سے پٹنہ کے لیے بس کا ٹکٹ بک کرایا۔ پٹنہ پہنچنے کے بعد، وہ آرا اور پھر لکھنو¿ جانے والی ٹرین میں سوار ہوئی اور آخر کار اندور واپس آگئی۔ اندور میں اس نے 25 مئی کو کرائے کے فلیٹ میں رہنا شروع کیا اور 7 جون تک وہیں چھپی رہی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سونم اور اس کے عاشق راجا نے منصوبہ بنایا تھا کہ وہ سلی گوڑی میں ایک چائے کے اسٹال پر پہنچ کر روتے ہوئے کہے گی کہ اس کا نام سونم رگھوونشی ہے، وہ اندور کی رہنے والی ہے، اور اسے نشہ آور چیز دیکر میگھالیہ سے اغوا کیا گیا تھا۔ وہ یہ بھی کہتی کہ اس کے شوہر کو قتل کیا گیا اور اسے یہاں لا کر پھینک دیا گیا۔
لیکن 8 جون کی صبح اس قتل میں ملوث آکاش راجپوت کو اتر پردیش کے للت پور سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے بعد سونم اور راجا نے اپنا منصوبہ بدل لیا اور سونم کو سلی گڑی کے بجائے یوپی بھیجنے کا فیصلہ کیا جہاں راجا کے بہت سے جاننے والے اسے چھپانے میں مدد کر سکتے تھے۔
غازی پور پہنچنے کے بعد، سونم نے سڑک کے کنارے ایک کھانے میں خود کو اغوا شدہ خاتون ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہانی گھڑنا شروع کردی، لیکن تب تک پولیس کو تمام سراغ مل چکے تھے۔ آخر کار پولیس نے سونم کو اس کے شوہر راجا رگھوونشی کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
یہ معاملہ اب کئی ریاستوں میں پھیل چکا ہے اور پولیس کی تفتیش میں نئے انکشافات ہو رہے ہیں۔ بنگال پولیس بھی اب اس معاملے میں سرگرم ہو گئی ہے۔ میگھالیہ پولس سے دیگر تفصیلات بھی لی جا رہی ہیں تاکہ سلی گوڑی تعلق کی جانچ کی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد