لکھنؤ، 13 جون (ہ س)۔ علم و ادب کا ایک درخشاں باب آج دنیا کو الوداع کہہ گیا، معروف ماہرِ فارسی، ادیبہ، دانشور اور پدم شری ایوارڈ یافتہ پروفیسر ایمیریٹس آصفہ زمانی آج دوپہر 83 برس کی عمر میں انتقال فرما گئیں۔ ان کے انتقال کی خبر سے علمی، ادبی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و الم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مرحومہ، جناب سید محمد اعجاز رضوی (سابق وزیر، حکومتِ اتر پردیش) کی زوجہ اور ڈاکٹر شیما رضوی (سابق وزیرِ مملکت، حکومتِ اتر پردیش) کی والدہ تھیں۔ وہ نہ صرف لکھنؤ یونیورسٹی میں فارسی شعبے کی صدر رہ چکی تھیں بلکہ یوپی اردو اکادمی کی سابق چیئرپرسن بھی تھیں۔ ان کی خدمات کو حکومتِ ہند نے 1999 میں صدرِ جمہوریہ کا اعزاز برائے شرفِ تدریس (Certificate of Honour by President of India) سے نوازا، جس کے سبب انہیں دو سال کی سروس ایکسٹینشن بھی دی گئی۔
پروفیسر آصفہ زمانی کا علمی سفر شاندار اور قابلِ رشک رہا۔ وہ میرٹ اسکالرشپ ہولڈر رہیں اور یو جی سی ریسرچ فیلوشپ کے تحت 1975 سے تحقیقی سرگرمیوں سے وابستہ رہیں۔ ان کے زیرِ نگرانی سات طلبہ نے پی ایچ ڈی مکمل کی اور ان کے 200 سے زائد تحقیقی مقالات بھارت، پاکستان، ایران اور امریکہ کے مختلف علمی جرائد میں شائع ہوئے۔
انھوں نے دنیا بھر میں ہندوستانی تہذیب، ادب اور فارسی زبان کی نمائندگی کی، جن میں نمایاں مقامات امریکہ (شکاگو)، ایران (شیراز، تہران، کرمان) اور پاکستان (حیدرآباد سندھ، کراچی) شامل ہیں۔ ان کا تحقیقی مقالہ دویل رانی خضر خاں پر شکاگو میں پیش کیا گیا، جو بہترین مقالے کے طور پر منتخب ہوا۔
ان کی علمی اور تدریسی خدمات کے اعتراف میں متعدد اداروں اور کمیٹیوں کی رکنیت بھی حاصل رہی، جن میں لکھنؤ یونیورسٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، کولکاتا یونیورسٹی، امیروددولہ لائبریری، انڈو-فرنچ ایسوسی ایشن، ایران ایجوکیشنل سوسائٹی اور آل انڈیا فخر الدین کمیٹی شامل ہیں۔
مرحومہ کی پیدائش 22 مارچ 1942 کو لکھنؤ میں ہوئی۔ وہ مشہور شاعر و حکیم، حافظ قاری سید بدرالدین نفیسی کی صاحبزادی تھیں۔ ان کی اولاد میں بیٹے آصف زماں رضوی اور دختر مرحومہ ڈاکٹر شیما رضوی شامل ہیں، جو اردو ادب اور سیاست میں نمایاں خدمات انجام دے چکی تھیں۔
مرحومہ کی نمازِ جنازہ ہفتے کے روز صبح 9 بجے ان کی رہائش گاہ سے عیش باغ قبرستان کے لیے روانہ ہوگی، جہاں صبح 10 بجے تدفین عمل میں آئے گی۔
فرزند آصف زماں رضوی نے عزیز و اقارب، شاگردوں، اور محبین سے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد