دمشق،یکم جون(ہ س)۔شام کے وزیر خزانہ محمد یسر برنیہ نے سعودی عرب اور قطر کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں مجوزہ امدادی رقم پر گہرے شکریے اور تحسین کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام برادر ممالک کے درمیان ’سچی شراکت داری‘ کی عکاسی کرتا ہے۔شامی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم سعودی عرب اور قطر کے اس قابل قدر اقدام پر ان کے شکر گزار ہیں، یہ براہِ راست تعاون اور عرب یکجہتی کا بہترین اظہار ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ مالی امداد شام کے سرکاری شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے ایک حصے کی معاونت کے لیے دی جا رہی ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ شام سعودی عرب اور قطر کی اس مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو نہ صرف علاقائی و بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہو گی بلکہ ترقیاتی منصوبوں میں بھی ان اداروں کی شرکت کو فروغ دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ تعاون ان مضبوط تعلقات کا عملی ثبوت ہے جو تینوں ممالک کی قیادت نے استوار کیے ہیں۔اپنی گفتگو کے اختتام پر انہوں نے سعودی، قطری اور دیگر برادر و دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کو شام میں سرمایہ کاری کی بڑی اور پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan