کولکاتا، 09 مئی (ہ س)۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے درمیان مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع سے جماعت المجاہدین (جے ایم بی) کے دو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ریاستی ایس ٹی ایف نے جمعرات کی رات نلہاٹی اور مراروئی علاقوں میں چھاپے مار کر دونوں کو گرفتار کیا۔ جمعہ کو دونوں ملزمین کو رام پورہاٹ عدالت میں پیش کیا گیا اور 14 دن کی پولس تحویل کی مانگ کی گئی۔
گرفتار مشتبہ دہشت گردوں کی شناخت اعظم حسین اور صاحب علی خان کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کی عمریں 28 سال ہیں۔ اعظم نلہٹی کا رہائشی اور صاحب علی مراروئی کا رہائشی ہے۔ دونوں ہندوستان میں کالعدم انتہا پسند تنظیم جے ایم بی کے سرگرم رکن ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ان کا مقصد مسلم نوجوانوں کا برین واش کرنا اور انہیں ملک مخالف سرگرمیوں پر اکسانا تھا۔ وہ انکرپٹڈ پلیٹ فارمز کے ذریعے مذہبی جنون اور بغاوت کے پیغامات پھیلاتے ہیں۔ ایس ٹی ایف کے مطابق ان کا مقصد ہندوستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانا تھا۔ اس کے لیے انہوں نے خاص مقامات اور نامور شخصیات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔
ایس ٹی ایف کے ایس پی اندراجیت بوس نے کہا،”وہ ہندوستان سے باہر ملک دشمن طاقتوں کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں تھے اور ان کے درمیان پیسے کا لین دین ہوتا تھا۔“ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران جے ایم بی کے دیگر نیٹ ورکس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اعظم نے پہلے بنگلہ دیش میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور وہ وہاں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دھماکہ خیز مواد بنانے اور اسلحہ جمع کرنے کی بھی کوشش کر رہا تھا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد