نئی دہلی، 09 مئی (ہ س)۔ ہند-پاک کے درمیان کشیدگی اور وسیع تر تنازعے کے خدشات کے درمیان مقامی اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔ آج، ہفتے کے آخری کاروباری دن، بمبئی اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) سینسیکس 548.12 پوائنٹس یا 0.68 فیصد کی کمی کے ساتھ 79,786.69 پر چل رہا ہے۔ اسی طرح، نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی بھی 152.50 پوائنٹس یعنی 0.63 فیصد کی کمی کے ساتھ 24,121.30 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
سینسیکس پر 30 اسٹاک میں سے 25 اسٹاک نیچے ہیں، جبکہ نفٹی پر 50 اسٹاک میں سے 45 اسٹاک نیچے ہیں۔ سینسیکس پر درج کمپنیوں میں پاور گرڈ، آئی سی آئی سی آئی بینک، ٹاٹا اسٹیل، اڈانی پورٹس، بجاج فنسر، الٹرا ٹیک سیمنٹ، ایٹرنل اور نیسلے کے حصص گراوٹ میں ہیں۔ تاہم لارسن اینڈ ٹوبرو اور ٹائٹن کے حصص میں چار فیصد سے زیادہ کا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ٹاٹا موٹرز، ایشین پینٹس، کوٹک مہندرا بینک اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے حصص منافع میں ہیں۔
اس کے علاوہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں جنوبی کوریا کا کوسپی، شنگھائی ایس ایس ای کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ خسارے میں رہا جب کہ جاپان کا نکی 225 منافع میں دیکھا گیا۔ غور طلب ہے کہ اس سے ایک دن پہلے، بی ایس ای سینسیکس 412 پوائنٹس گر کر 80،335 پر بند ہوا تھا، جب کہ این ایس ای نفٹی 141 پوائنٹس گر کر 24،274 پر بند ہوا تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی