پرینکا چوپڑا اور دیپیکا پادوکون کی طرح اب کنگنا رناوت بھی ہالی ووڈ میں قدم رکھنے جارہی ہیں۔ بالی ووڈ میں اپنی زبردست اداکاری سے نام کمانے کے بعد کنگنا کو ہالی ووڈ سے پیشکش موصول ہوئی ہے۔ خبر ہے کہ انہیں ایک زبردست سائیکولوجیکل ہارر ڈرامہ فلم کی پیشکش ہوئی ہے، جس سے کافی دھوم مچی ہوئی ہے۔
کنگنا کافی عرصے سے ہالی ووڈ کے کسی پروجیکٹ کا انتظار کر رہی تھیں لیکن وہ کسی عام اسکرپٹ پر بس نہیں کرنا چاہتی تھیں۔ اب انہیں ایک ایسی فلم ملی ہے جو انہیں نہ صرف عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع دے گی بلکہ ناظرین کو بھی حیران کر دے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت جلد ہی ہالی ووڈ کی نفسیاتی ہارر ڈرامہ فلم 'بلیسڈ بی دی ایول' میں نظر آئیں گی۔ یہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا ایک بہترین آغاز سمجھا جا رہا ہے۔ کنگنا کے ساتھ فلم میں ہالی ووڈ اداکار ٹائلر پوسی اور سلویسٹر اسٹالون کی بیٹی اسکارلیٹ روز اسٹالون بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ ”بلیسڈ بی دی ایول“ کو انوراگ رودرا نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اس کی شوٹنگ اس موسم گرما میں نیویارک میں شروع ہونے والی ہے۔ یہ خبر کنگنا کے مداحوں کے لیے کسی سرپرائز سے کم نہیں کیونکہ وہ کافی عرصے سے اپنے ہالی ووڈ ڈیبیو کے حوالے سے خبروں میں تھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ