سری نگر/جے پور/چنڈی گڑھ، 09 مئی (ہ س)۔ ہندوستان نے گزشتہ روز پاکستان کو الگ- الگ محاذوں پر منہ توڑ جواب دیا۔ فوجی محاذ آرائی میں پڑوسی ملک کے تقریباً تمام داﺅ ناکام بنا دیئے گئے۔ امریکہ نے سفارتی پلیٹ فارم پر رات گئے پاکستان کو سخت پیغام دیا۔ امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے دشمن کی طرح ہندوستان کے ساتھ سلوک کر رہے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فوری طور پر دہشت گردی کی حمایت بند کرے۔
عسکری ذرائع کے مطابق، پاکستان نے بڑی تعداد میں ڈرون بھیجنے کی کوشش کی اور گزشتہ رات لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر مختلف مقامات پر فائرنگ اور گولہ باری کی۔ ادھم پور، سامبا، جموں، اکھنور، نگروٹا اور پٹھان کوٹ کے علاقوں میں کئے گئے ایک بڑے جوابی آپریشن میں ہندوستانی فوج کے ایئر ڈیفنس یونٹس نے 50 سے زیادہ ڈرونز کو کامیابی کے ساتھ بے اثر کر دیا۔ اس آپریشن میں ایل-70 بندوقیں، زیڈ یو-23 ایم ایم ، شیلکا سسٹم اور دیگر جدید انسداد - یو اے ایس آلات کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا۔
جموں و کشمیر میں رات بھر کشیدگی رہی۔ اب وہاں حالات معمول پر بتائے جا رہے ہیں۔ ہندوستانی ایئر ڈیفنس یونٹس نے رات بھر پاکستانی ڈرونز اور میزائلوں کو روکا یا مار گرایا۔ ادھر اڑی میں پاکستانی فوج مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور مقامی شہریوں کی گاڑیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے کل رات تقریباً 11 بجے ضلع سامبا میں بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی سے پنجاب اور راجستھان بھی متاثر ہیں۔ پاکستان اس دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستان کے آپریشن سندور سے بوکھلایا ہوا ہے۔ خوفزدہ پاکستانی فوج نے کل رات 8 بجے کے قریب ہندوستان کے مختلف شہروں میں بلا اشتعال فضائی حملے شروع کردیئے۔ اپنے پڑوسی کے ناپاک عزائم سے واقف ہندوستانی فوج نے پہلے ہی صورتحال کو سنبھال لیا تھا۔ اس نے پاکستان کے میزائلوں اور لڑاکا طیاروں کو فضا میں ہی تباہ کرنا شروع کر دیا۔ اس دوران بھارت نے بھی ٹِٹ فار ٹیٹ کی پالیسی اپنائی اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں تباہی مچانا شروع کر دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد