نالندہ، 08 مئی (ہ س)۔ نالندہ ضلع کے بھگوان بیگھا او پی تھانہ علاقے کے تحت مورا تالاب نوادپور گاؤں میں بدھ کی رات تلک تقریب میں بار ڈانسرز کے ڈانس کا جشن منانے کے دوران ہوئی فائرنگ میں گولی لگنے سے ایک ادھیڑ عمر شخص کی موت ہو گئی۔ جبکہ دو بچے زخمی ہو گئے۔
متوفی کی شناخت 58 سالہ کوشلندر گوپ ولد چندن یادو کے طور پر کی گئی ہے۔ جبکہ زخمیوں میں دیپک یادو کا 5 سالہ بیٹا راجکرن بابو اور شراون یادو کا 9 سالہ بیٹا شبھم کمار شامل ہیں۔ متوفی کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ قتل کسی سابقہ تنازع کی وجہ سے فائرنگ کرکے کیا گیا ہے۔ متوفی کی بیوی رینا دیوی اور رشتہ دار تنو یادو نے بتایا کہ گاؤں میں بچو یادو کے بیٹے کی تلک کی تقریب تھی۔
تلک تقریب میں بار ڈانسرز کا رقص کا پروگرام جاری تھا۔ گائوں کے کوشلندر یادو بھی ڈانس دیکھنے گئے تھے۔ اس دوران بچو یادو کے کہنے پر بدمعاش نے جان بوجھ کر اس پر گولی چلائی جس کی وجہ سے کوشلندر سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ گولی کی آواز سن کر گھر والے وہاں پہنچے اور سبھی کو علاج کے لیے صدر اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹر نے کوشلندر کو مردہ قرار دیا۔ خاندان والوں کا الزام ہے کہ اس سے قبل بچو یادو نے کوشلندر کے بھائی کا قتل کیا تھا۔
یہ قتل اسی جھگڑے کی وجہ سے کیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ بھگوان بیگھا پولیس نے جمعرات کی صبح موقع پر پہنچ کر معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بہار شریف بھیج دیا۔ ایس ایچ او اروند سنگھ نے بتایا کہ گاؤں میں تلک کی تقریب میں رقص کا پروگرام چل رہا تھا اور اس دوران گولی لگنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ جبکہ بچہ زخمی ہو گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی