کولکاتا، 5 مئی (ہ س)۔ شیاما پرساد مکھرجی پورٹ (ایس ایم پی )، کولکاتا نے اپریل 2025 میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی بندرگاہ بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ایس ایم پی نے اپریل کے مہینے میں 45.32فیصد کا سالانہ اضافہ درج کرتے ہوئے 5.967 ملین میٹرک ٹن (ایم ایم ٹی) کارگو ہینڈل کیا، جبکہ اپریل 2024میں یہ اعداد وشمار 4.106ایم ایم ٹی تھا۔
یہ کامیابی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر معاشی سست روی اور بحری تجارت میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ایس ایم پی کولکاتا نے ملک کی دیگر بڑی بندرگاہوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ایس ایم پی کے چیئرمین رتھیندر رمن نے اس کامیابی کو اپنی ٹیم کے عزم اور محنت کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”یہ کامیابی ہمارے ایس ایم پی خاندان کے غیر متزلزل عزم اور کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ میں بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جن کی رہنمائی اور تعاون سے یہ ترقی ممکن ہوئی۔ میں تمام شراکت داروں، پورٹ صارفین اور اپنی پوری ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔“
ایس ایم پی کولکاتا کے تحت دو ڈاک سسٹم ہیں - ہلدیہ ڈاک کمپلیکس (ایچ ڈی سی) اور کولکاتا ڈاک سسٹم (کے ڈی ایس)۔ ایچ ڈی سی نے اپریل 2025 میں 4.363 ایم ایم ٹی کارگو ہینڈل کیا، جو کہ اپریل 2024 میں 2.993 ایم ایم ٹی تھا۔ یہ 45.77 فیصد کا اضافہ ہے۔ دوسری طرف، کے ڈی ایس نے اپریل 2025 میں 1.604 ایم ایم ٹی کارگو ہینڈل کیا، جب کہ اپریل 2024 میں یہ اعداد و شمار 1.113 ایم ایم ٹی تھی، جو تقریباً 44.12 فیصد کا اضافہ ہے۔
کارگو ہینڈلنگ میں یہ اضافہ مختلف اشیاءکی تیزی سے بڑھتی ہوئی نقل و حرکت کی وجہ سے تھا۔ اپریل 2025 میں، ایس ایم پی کولکاتا نے کل 75,716 ٹی ای یو(ٹوینٹیفٹ ایکویلینٹ یونٹس) کنٹینرز کو ہینڈل کیا، جن میں سے 62,021 ٹی ای یو کو کے ڈی ایس میں اور 13,695 ٹی ای یو ایچ ڈی سی میں سنبھالے گئے۔ یہ اپریل 2024 میں 57,717 ٹی یو ای کے مقابلے میں 31.18 فیصد کا اضافہ ہے۔ حکام کے مطابق، کے ڈی ایس اب کنٹینر ہینڈلنگ کی ایک بڑی سہولت کے طور پر ابھر رہا ہے۔
ہلدیہ ڈاک کمپلیکس نے پیٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی، دیگر مائعات، سبزیوں کا تیل، کوکنگ کول، تھرمل کوئلہ، دیگر کوئلہ، میٹالرجیکل کوک، خام پیٹرولیم کوک،خام مینگنیز، دیگر کچی دھاتیں، فلائی ایش، دالیں، کنٹینر ٹن اور ٹی ای یوز میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔ کولکاتا ڈاک سسٹم کی ترقی کا سہرا کھاد، کوکنگ کول، دیگر کوئلہ، دالیں، میٹالرجیکل کوک، سیریلز، کنٹینر ٹن اور ٹی ای یوکو جاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد