گزشتہ کچھ عرصے سے شاہ رخ اپنی اگلی فلم 'کنگ' کو لے کر مسلسل خبروں میں ہیں اور مداح اس فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اب فلم کی اسٹار کاسٹ میں ایک اور بڑا نام شامل ہوگیا ہے۔ تجربہ کار اداکار انل کپور نے اس پروجیکٹ میں قدم رکھا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے کردار کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دپیکا پدوکون کے بعد اب انل کپور بھی 'کنگ' میں داخل ہو گئے ہیں۔ وہ اس فلم میں شاہ رخ خان کے مینٹور اور ہینڈلر کا کردار ادا کریں گے۔ فلم میں شاہ رخ ایک پیشہ ور قاتل کے کردار میں نظر آئیں گے جب کہ انل کپور ان کے سرپرست کا کردار ادا کریں گے۔ غور طلب ہے کہ شاہ رخ اور انل اس سے قبل 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم 'تریمورتی' میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں، جس میں جیکی شراف نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
'کنگ' کو سدھارتھ آنند ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کا پہلا شیڈول 20 مئی کے قریب ممبئی میں شروع ہوگا جس کے بعد ٹیم یورپ میں بڑے پیمانے پر شوٹنگ کرے گی۔ فلم کی اسٹار کاسٹ میں شاہ رخ خان کے ساتھ سوہانا خان، ابھیشیک بچن، ابھے ورما، ارشد وارثی اور جیدیپ اہلاوت جیسے اداکار شامل ہیں۔ اس میں دیپیکا پدوکون سہانا کی ماں کا کردار ادا کریں گی اور شاہ رخ کی سابق گرل فرینڈ کے کردار میں بھی نظر آئیں گی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ 'کنگ' 2026 کی عید پر سینما گھروں کی زینت بن سکتی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی