ہری دوار، 11 مئی (ہ س)۔ ہری دوار میں اتوار کی دوپہر کو ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جب ایک خاتون اور ایک مرد نے وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے سامنے لیٹ کر خودکشی کر لی۔ یہ واقعہ جوالا پور میں بھیل سیکٹر 2 بیریئر کے قریب ریلوے ٹریک پر پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق خاتون اور مرد کو کافی دیر تک ریلوے ٹریک کے قریب چہل قدمی کرتے دیکھا گیا۔ جیسے ہی لکھنؤ سے آنے والی وندے بھارت ایکسپریس 90 کی رفتار سے سیکٹر 2 پر پہنچی تو دونوں ٹرین کے سامنے ریلوے ٹریک پر لیٹ گئے۔ دونوں کی لاشیں کئی میٹر تک بکھری پڑی تھیں۔ ٹرین ڈرائیور نے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ وہ دونوں ریلوے ٹریک پر لیٹ گئے تھے جب ٹرین 20 میٹر دور تھی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سرکاری ریلوے پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مقتولین کی لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے خودکشی کی وجہ کے بارے میں فی الحال کوئی واضح اشارہ نہیں ملا ہے۔ ایس پی سٹی پنکج گیرولا، جوالا پور کوتوالی انچارج امرجیت سنگھ اور جی آر پی اسٹیشن انچارج انوج سنگھ موقع پر پہنچے اور جائے واردات کا معائنہ کیا اور ضروری شواہد اکٹھے کئے۔
ایس پی سٹی پنکج گیرولا نے بتایا کہ ہلاک ہونے والی خاتون اور مرد کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ان کی شناخت کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دونوں کہاں سے آئے تھے اور کس مقصد کے لیے ٹریک کے قریب پہنچے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد