نئی دہلی، 3 اپریل (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار آج ابتدائی کاروبار کے دوران نچلی سطح سے بحال ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ امریکہ کے ذریعہ باہمی محصولات نافذ کرنے کی وجہ سے دنیا کے دوسرے شیئر بازار کی طرح ہی آج گھریلو شیئر بازار کے کاروبار کی شروعات بھی بڑی گراوٹ کے ساتھ ہوئی تھی۔ حالانکہ مارکیٹ کھلنے کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کردی جس کے باعث شیئر مارکیٹ میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔ کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد سینسیکس 0.28 فیصد اور نفٹی 0.24 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد شیئر مارکیٹ کے بڑے شیئروں میں سن فارماسیوٹیکل، ڈاکٹر ریڈی لیبارٹریز، سیپلا، شری رام فائنانس اور ٹائٹن کمپنی کے شیئر 4.22 فیصد سے لیکر 1.20 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف ٹی سی ایس، ٹیک مہندرا، ایچ سی ایل ٹیکنالوجی، انفوسس اور بجاج آٹو کے شیئر 3.29 فیصد سے لیکر 2.38 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
موجودہ کاروبار میں شیئر مارکیٹ میں 2,444 شیئروں میں ایکٹو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 1,400 شیئر منافع کماکر سبز نشان میں جبکہ 1,044 شیئر نقصان اٹھاکر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئر میں سے 14 شیئر خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 16 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئر میں سے 19 شیئر سبز نشان میں اور 31 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 805.58 پوائنٹس گر کر 75,811.86 پوائنٹس پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی خریداروں نے خریداری شروع کر دی جس کے باعث انڈیکس میں ریکوری شروع ہو گئی۔ اگرچہ وقتاً فوقتاً فروخت کا دباو بڑھتا رہا، لیکن خریداروں نے خریداری کا زور برقرار رکھا، جس سے انڈیکس بتدریج مضبوط ہوا۔ مارکیٹ میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان تجارت کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10.15 بجے سینسیکس اوپننگ لیول سے 590 پوائنٹس سے زیادہ کی ریکوری کرکے 212.92 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 76,404.52 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 182.05 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 23,150.30 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار شروع کیا۔ مارکیٹ کھلتے ہی خریدار متحرک ہوگئے اور خریداری شروع کردی جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی نقل و حرکت میں بہتری آنے لگی۔ مارکیٹ میں لگاتار خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کی تجارت کے بعد صبح 10.15 بجے نفٹی 56 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 23,276.35 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن