اے سی بی نے پٹواری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا
جموں، 23 اپریل (ہ س)۔ انسدادِ رشوت ستانی بیورو جموں و کشمیر نے ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے پٹواری حلقہ کول کلاں ارنیا، نوید احمد کو پچاس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ مذکورہ پٹواری قرضہ فَرد جاری کرنے کے عوض ایک لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کر رہا تھا۔
بیورو کے ترجمان کے مطابق، شکایت کنندہ نے اے سی بی کو اطلاع دی کہ پٹواری نوید احمد نے فَرد کے اجرا کے بدلے ایک لاکھ روپے کی غیر قانونی رقم طلب کی ہے۔ مذاکرات کے بعد یہ طے پایا کہ 50 ہزار روپے ایڈوانس میں دیے جائیں گے جبکہ بقیہ رقم موقع پر ادا کی جائے گی۔ شکایت کنندہ نے رشوت دینے کے بجائے انسدادِ رشوت ستانی بیورو سے رابطہ کر کے قانونی کارروائی کی درخواست کی۔ ابتدائی چھان بین میں الزامات درست ثابت ہونے پر پولیس اسٹیشن اے سی بی جموں میں انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 7 کے تحت ایف آئی آر نمبر 04/2025 درج کی گئی اور تفتیش شروع کی گئی۔
تحقیقات کے دوران ایک خصوصی ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی جس کی سربراہی ایک گزیٹیڈ افسر کر رہا تھا۔ ٹیم نے منصوبہ بند کارروائی کے دوران پٹواری نوید احمد کو شکایت کنندہ سے پچاس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی آزاد گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئی اور رشوت کی رقم موقع پر ہی برآمد کر لی گئی۔ ملزم کے رہائشی مکان پر مجسٹریٹ اور آزاد گواہ کی موجودگی میں تلاشی لی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق، کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر