نئی دہلی، 20 اپریل (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی 21 اپریل کو 17 ویں سول سروسز ڈے پر نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقد ہونے والی ایک روزہ سول سروسز ڈے کانفرنس میں ملک کے سرکاری ملازمین سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی شناخت شدہ ترجیحی پروگراموں اور اختراعات کے موثر نفاذ کے لیے اضلاع اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو عوامی نظم و نسق میں بہترین کارکردگی کے لیے پردھان منتری ایوارڈ پیش کریں گے۔ اس کے ساتھ وزیر اعظم مجموعی ترقی اور اختراع کی کہانیوں کی ای بک بھی جاری کریں گے۔
کابینہ سکریٹری ڈاکٹر ٹی وی سومناتھن کی صدارت میں سول سروسز ریفارمز - چیلنجز اور مواقع پر ایک مکمل اجلاس ہوگا۔ اس کے علاوہ مختلف پروگراموں کے چار مختلف سیشن ہوں گے۔ مرکزی ہاو¿سنگ اور شہری امور کے وزیر اور بجلی کے وزیر منوہر لال شہری ٹرانسپورٹ کو مضبوط بنانے پر ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔ آیوشمان بھارت پی ایم جن آروگیہ یوجنا اور آیوشمان آروگیہ مندر کے ذریعے صحت مند ہندوستان کو فروغ دینے کے سیشن کی صدارت مرکزی وزیر صحت اور خاندانی بہبود جگت پرکاش نڈا کریں گے، جب کہ مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0 کے ذریعے خواتین اور بچوں کے لیے غذائیت کو فروغ دینے کے سیشن کی صدارت مرکزی وزیر برائے ترقی انا پورنا دیوی اور آکانشی سیشن پروگرام کی صدارت نیتی آیوگ کے سی ای او سبرامنیم کریں گے۔ پروگرام میں تقسیم انعامات کے علاوہ ایوارڈ یافتہ کے اقدامات پر ایک فلم بھی دکھائی جائے گی۔
تقریب میں مرکزی سکریٹریز، ایڈیشنل سیکریٹریز، جوائنٹ سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز، اسسٹنٹ سیکریٹریز اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران بشمول چیف سیکریٹریز، ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، پرنسپل سیکریٹریز اور سینٹرل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہان، ریزیڈنٹ کمشنرز، سینٹرل سروسز کے افسران اور ضلع کلکٹرس شرکت کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ